وفاقی حکومت کا 290 روپے ڈالر ریٹ پر بجٹ تیار کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی حکومت نے 290روپے ڈالر ریٹ پر بجٹ تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزارت خزانہ نے اس حوالے سے متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کردی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ کیلئے 290روپے ڈالر ریٹ کے مطابق تخمینے تیار کئے جارہے ہیں، ڈالر ریٹ میں آنے والی تبدیلی حکومتی اعداد و شمار کو غلط کر سکتی ہے، ایسی صورت میں حکومت کو سپلیمنٹری گرانٹس جاری کرنا پڑے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایکسچینج ریٹ کی وجہ سے دفاعی بجٹ، فارن ڈیبٹ سروسنگ اور پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام زد میں آسکتے ہیں۔

مجوزہ ڈالر ریٹ پر بیرونی قرضوں پر سود کی ادائیگی ایک ٹریلین روپے تک پہنچ سکتی ہے۔ حکومت مجموعی طور پر ڈیبٹ سروسنگ کی مد میں 7.5ٹریلین روپے مختص کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔یاد رہے کہ وزارت خزانہ نے پہلے ڈالر ریٹ 300رکھنے کا فیصلہ کیا تھا اور بعد میں فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے 290روپے رکھا گیا ہے۔