شہباز و حمزہ منی لانڈرنگ کیس’ دائرہ اختیار پر بحث کیلئے وکلا ئ4 جنوری کوطلب


لاہور(صباح نیوز)لاہور کی بینکنگ جرائم عدالت نے مسلم لیگ(ن )کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کے دائرہ اختیار کے معاملے پر وکلا کو بحث کے لیے 4 جنوری کو طلب کر لیا۔

ایف آئی اے نے کیس بینکنگ عدالت کی بجائے اسپیشل جج سینٹرل کے پاس چلانے کی استدعا کر رکھی ہے۔بینکنگ کورٹ کے جج سردار طاہر صابر نے چالان کے دائرہ اختیار پر دائر اعتراض پر سماعت کی۔کیس کی سماعت شروع ہوئی تو شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز کے ایسوسی ایٹس نے بتایا کہ امجد پرویز لاہور ہائی کورٹ میں مصروف ہیں اس لیے وقت دیا جائے۔پراسیکیوٹر نے تاریخ دینے پر کوئی اعتراض نہ کیا جس پر عدالت نے سماعت کے لیے 4 جنوری کی تاریخ مقرر کر دی۔

واضح رہے کہ ایف آئی اے نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزام میں چالان جمع کرا رکھا ہے۔ایف آئی اے نے بینکنگ عدالت کے دائرہ اختیار پر بھی اعتراض اٹھایا ہے۔بینکنگ عدالت نے اس کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری درخواستِ ضمانت میں 4 جنوری تک توسیع کر رکھی ہے۔