حسان نیازی کیخلاف کراچی میں بھی مقدمہ درج


کراچی(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے بھانجے اور فوکل پرسن حسان نیازی کیخلاف کراچی میں بھی مقدمہ درج کر لیا گیا۔مقدمہ تھانہ جمشید کوارٹر میں محمد اقبال نامی شخص کی مدعیت میں حسان نیازی اور دیگر ساتھیوں کے خلاف درج کیا گیا۔

ایف آئی آر کے متن میں مدعی کی جانب سے کہا گیا کہ حسان نیازی کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر ویڈیو میں عوام کو بغاوت پر اکسایا گیا، حسان نیازی نے ملکی دفاعی اداروں کو مخاطب کر کے دھمکایا اور کہا کہ عمران خان گرفتار ہوا تو کسی حاجی یا حافظ کا خیال نہیں رکھا جائے گا۔

مدعی کی جانب سے ایف آئی آر میں یہ کہا گیا کہ حسان نیازی نے سوشل میڈیا پر دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ دما دم مست قلندر ہوگا اور اس ملک میں خانہ جنگی ہوگی، حسان نیازی کے بیان سے عوام میں غم وغصہ پایا جاتا ہے۔

دریں اثنا لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے عمران خان کے فوکل پرسن حسان نیازی کو کراچی لے جانے کی اجازت دے دی۔پولیس نے حسان نیازی کو لاہور کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا جہاں ان کو کراچی میں درج مقدمے کے سلسلے میں عدالت میں پیش کرنے کے لیے راہداری ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔

عدالت نے حسان نیازی کو کراچی لے جانے کے لئے دو روز کا راہداری ریمانڈ دے دیا۔حسان نیازی کے خلاف کراچی کے جمشید کوارٹر تھانے میں مقدمہ درج ہے جس میں ان پر اشتعال انگیز تقاریر کی دفعات شامل ہیں۔ کراچی پولیس حسان نیازی کی گرفتاری کے لئے پنجاب روانہ ہوسکتی ہے۔