لاہور(صباح نیوز)ناظم اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب یونیورسٹی عثمان کھٹانہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی سب سے بڑی اور قدیم یونیورسٹی گزشتہ ایک سال سے بغیر مستقل وائس چانسلر کے چل رہی ہے۔
جس کی وجہ سے یونیورسٹی شدید انتظامی بحران کا شکار ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مستقل رجسٹرار اور کنٹرولر ایگزامینیشن کا عہدہ بھی خالی ہے۔ اسی وجہ سے پنجاب یونیورسٹی مسائل کا گڑھ بن چکی ہے۔
طلبہ و طالبات بے شمار مشکلات کا شکار ہیں اور کوئی پرسان حال نہیں ہے اپنے جاری بیان میں ناظم جامعہ عثمان کھٹانہ نے کہا کہ پنجاب حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جلد از جلد مستقل وائس چانسلر تعینات کیا جائے تاکہ پنجاب یونیورسٹی کو مزید انتظامی ومالی مسائل سے بچایا جا سکے ۔