الیکشن کمیشن نے کراچی بلدیاتی ا نتخابات کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا، ایک ریٹرننگ افسر برطرف


اسلام آباد(صباح نیوز) الیکشن کمیشن نے کراچی بلدیاتی انتخابات کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا،الیکشن کمیشن نے یونین کونسل 7 سلطان آباد کیماڑی کے ریٹرننگ افسر کو ملازمت سے برطرف کردیا،آر او کیخلاف انکوائری کیلئے صوبائی الیکشن کمشنر کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی قائم کرکے اسے فوری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ۔

الیکشن کمیشن میں کراچی بلدیاتی انتخابات کیس کی سماعت ہوئی۔ جماعت اسلامی کے وکلا نے کہا کہ ہماری جیت ہار میں تبدیل کی گئی، ہمیں دوبارہ گنتی کے نتائج قبول نہیں۔ ممبر الیکشن کمیشن بلوچستان نے کہا کہ بے قاعدگی میں ملوث کسی شخص کو نہیں چھوڑیں گے، جائزہ لے کر فیصلہ کریں گے۔

الیکشن کمیشن نے یونین کونسل 7 سلطان آباد کیماڑی کے ریٹرننگ افسر کو ملازمت سے برطرف کردیا۔آر او کیخلاف انکوائری کیلئے صوبائی الیکشن کمشنر کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی قائم کرکے اسے فوری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا گیا۔کمیٹی آر او کے کردار کا جائزہ لے گی اور انتخابی دھاندلی سے متعلق شواہد اکٹھے کرے گی۔

ریٹرننگ افسر کے خلاف تادیبی اور فوجداری کارروائی سے متعلق سفارشات مرتب کی جائیں گی۔الیکشن کمیشن نے ریجنل الیکشن کمشنر کو نیا آر او مقرر کردیا جو تمام امیدواروں کے بیانات قلمبند کرے گا اور 7دن میں نتائج فراہم کرے گا۔الیکشن کمیشن نے کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔