اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے طب کے شعبے میں تعلیمی معیار قائم کرنے کیلئے یکساں نصاب متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ملکی جامعات کے ساتھ شراکت داری و روابط ملکی تعلیمی معیار بہتر بنانے کا تیز ترین طریقہ ہے، بیماریوں کے علاج کے ساتھ ساتھ روک تھام پر بھی توجہ دینی چاہیے ، اس سے صحت کے بنیادی ڈھانچے پر بوجھ کم کرنے میں مدد ملے گی۔
شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی،اسلام آباد کی سینیٹ کے 5ویں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔اجلاس میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر تنویر خالق، اراکین سینیٹ اور فیکلٹی نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں طبی تعلیم کا معیار بہتر بنانے اور طب کے شعبے میں تعلیمی معیار قائم کرنے کیلئے یکساں نصاب متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ طبی اداروں کو ملکی صحت کی ضروریات پورا کرنے کیلئے مزید نرسنگ اور پیرا میڈیکل سٹاف تیار کرنا ہوگا۔ صدر مملکت نے کہا کہ غیر ملکی کورسز اور تعلیمی مواد تک رسائی کیلئے غیر ملکی یونیورسٹیوں کے ساتھ شراکت داری کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ، غیر ملکی جامعات کے ساتھ شراکت داری و روابط ملکی تعلیمی معیار بہتر بنانے کا تیز ترین طریقہ ہے۔
صدر مملکت نے بیماریوں کے علاج کے ساتھ ساتھ روک تھام پر توجہ دینے پر بھی زور دیا اور کہا کہ بیماریوں سے بچائو علاج معالجے کے مقابلے میں کہیں زیادہ آسان اور سستا ہے، بیماریوں سے بچنے سے صحت کے بنیادی ڈھانچے پر بوجھ کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔صدر مملکت نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کو میڈیکل کے شعبے میں مثالی ادارہ ہونا چاہیے، طبی ادارے اپنے گریجویٹس میں انسانیت کی خدمت کا جذبہ پیدا کرنے پر توجہ دیں۔ اجلاس میں وائس چانسلر نے یونیورسٹی کی جانب سے طبی تعلیم کے فروغ کیلئے کیے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی ۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں نرسوں کی تعداد بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں سینیٹ کے چوتھے اجلاس کے منٹس کی توثیق بھی کی گئی۔ اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر رانا عمران سکندر اور پروفیسر ڈاکٹر موسی خان کی بطور سنڈیکیٹ ممبر تعیناتی کی بھی منظوری دی گئی۔