کراچی میں پی ٹی آئی کے ایم پی اے ارسلان تاج گرفتار


کراچی(صباح نیوز) کراچی پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری کراچی اور رکن صوبائی اسمبلی ارسلان تاج کو گرفتار کر لیا۔

پی ٹی آئی ترجمان کے مطابق رکن سندھ اسمبلی ارسلان تاج کو ان کی رہائش گاہ گلشن اقبال سے گرفتار کیا گیا ہے ، ارسلان تاج کو سادہ لباس میں ملبوس اہلکاروں نے گرفتار کیا۔

ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ارسلان تاج کے گھر تین پولیس کی گاڑیاں آئیں جس میں سادہ لباس کپڑوں میں پولیس اہلکار تھے وہ گھر میں داخل ہوئے اور توڑ پھوڑ بھی کی۔

دوسری جانب کراچی میں پولیس کی جانب سے فجر کے وقت  رکن سندھ اسمبلی راجا اظہر کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا تھا۔

ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے راجا اظہر کی فیملی کو ہراساں کیا گیا ، کراچی پولیس کے چھاپے کے وقت ایم پی اے راجا اظہر گھر پر موجود نہیں تھے۔ ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے ارسلان تاج کی گرفتاری کی مذمت کی ہے تاہم سندھ حکومت اور پولیس کی جانب سے کوئی ردعمل نہیں آیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری کراچی اور رکن صوبائی اسمبلی ارسلان تاج کی والدہ کا اپنے بیٹے کی گرفتاری کے حوالے سے کہنا ہے کہ  کہ ارسلان کو کہاں لے کر گئے ہیں کچھ نہیں پتہ۔

ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ارسلان تاج کی والدہ نے بتایا کہ بغیر وارنٹ کے پولیس نے ہمارے گھر پر چھاپہ مارا اور ان کے ساتھ کوئی خاتون اہلکار بھی نہیں تھی۔انہوں بتایا کہ پولیس نے ہمارے گھر میں توڑ پھوڑ بھی کی ہے، 20 سے 25 لوگ تھے جنہوں نے ارسلان کو اٹھایا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں پاکستان تحریکِ انصاف کے ایم پی اے ارسلان تاج کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ترجمان پی ٹی آئی کراچی کے مطابق ارسلان تاج کو ان کی کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال میں واقع رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔پاکستان تحریکِ انصاف کراچی کے ترجمان کے مطابق ارسلان تاج کو سادہ لباس اہلکاروں نے گرفتار کیا ہے۔

ادھر تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر فواد چودھری نے پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکرٹری اور ایم پی اے ارسلان تاج کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے رہائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں فواد چودھری نے کہا کہ تحریک انصاف کراچی کے جنرل سیکرٹری اور ایم پی اے ارسلان تاج گھمن کو نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا ہے، اس اغوا کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف مطالبہ کرتی ہے کہ ارسلان کو فوری رہا کیا جائے۔