دندان سازوں کو منہ کی صحت سے متعلق آگاہی پر توجہ بڑھانے کی ضرورت ہے ،ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کوعلاج معالجہ کی سہولیات مہنگی ہونے پیش نظر صحت کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کو فروغ دینے کی ضرورت ہے جبکہ دانتوں کے ڈاکٹروں کو منہ کی صفائی کے بارے میں عوامی آگاہی کے ذریعے احتیاطی دندان سازی کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کر نی چاہیے ۔

انٹرنیشنل اورل پیتھالوجی او ر ایستھیٹیک ڈینٹسٹری کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ علاج معالجہ مہنگا ہونے کی وجہ سے صحت کی احتیاطی دیکھ بھال زیادہ اہم ہے۔اورل پیتھالوجسٹ، ڈینٹسٹ، پروفیسرز اور طلبا پر مشتمل کانفرنس کے شرکاپر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دانتوں کو باقاعدگی سے برش کرنے سے منہ کی بیماریوں سے تقریبا 99 فیصد بچا ممکن ہے ، اس حوالے سے انہوں نیاحادیث کا حوالہ دیتے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کثرت سے مسواک کے استعمال کی تلقین کی ہے ۔صدر مملکت نے دندان سازی کے شعبہ میں اپنے کیریئر کی کامیابیوں سے متعلق شرکا کو آگاہ کیا جس میں اوررل ہیلتھ کے بارے میں بڑے پیمانے پر آگاہی مہم بھی شامل ہے ۔

دندان سازی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے دانتوں کے ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ منہ کی صفائی کو فروغ دینے کے لیے لوگوں کے ساتھ روابط قائم کریں، انہوں نے کووڈ-19 کی عالمگیر وبا کے دوران تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے تعاون سے چلائی گئی کامیاب کا بھی حوالہ دیا ۔انہوں نے کہا کہ پروفیشنل ڈاکٹروں کو اپنے نقطہ نظر کو ازسر نو ترتیب دیتے ہوئے احتیاطی صحت پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے تاکہ لوگوں کو منہ کی بیماریوں سے بچا کے حصول میں مدد مل سکے ۔اس موقع پر صدر مملکت نے منہ کے کینسر کی پہلی رجسٹری کا بھی افتتاح کیا۔

انہوں نے کہا کہ منہ کی صحت کے ساتھ ساتھ منہ کے کینسر کی روک تھام پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ انہوں نے پان اور منہ کے کینسر کا سبب بننے والی دیگر نشہ آور اشیا کے استعمال اور فروخت کی روک تھام کے لئے اقدامات کی ضرورت پر زور دی۔اس موقع پر صدر مملکت نے پاکستان فیڈریشن آف لیزر ڈینٹسٹری کا بھی افتتاح کیا اور کانفرنس کے منتظمین اور تعاون کرنے والوں میں شیلڈز تقسیم کیں۔قبل ازیں پاکستان سوسائٹی آف اورل اینڈ میکسیلو فیشل پیتھالوجی (پی ایس او ایم)، فیڈرل زون کی صدر ڈاکٹر جوہریہ اظہر نیاپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں منہ کے کینسر کی رجسٹری نہیں تھی ۔انہوں نے اس شعبے میں نئے رجحانات اور اختراعات پر غور کرتے ہوئے لیزر دندان سازی کے ادا رے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ منہ کے کینسر کی رجسٹری نیٹ ورک کو وسیع کرنے کے لیے شراکت داروں کے ساتھ اشتراک قائم کرنے کے علاوہ ملک میں بیماری کے ڈیٹا کو برقرار رکھنے میں مدد کرے گی۔پی ایس او ایم پی کے صدر نعمان رف نے کہا کہ یہ کانفرنس پروفیشنلز کے نیٹ ورک کو وسیع کرنے میں مدد گار ثابت ہوگا تا کہ وہ اس شعبے میں اختراعات پر مبنی وژن کو اپنا سکیں۔اس موقع پر اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی فوکل پرسن نعیمہ انصاری نے صنفی امتیاز کے بغیر بنیادی صحت کے فروغ میں وومن چیمبر کے کردار پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ چیمبر نے کاروباری افراد کے ساتھ ساتھ متعلقہ پروفیشنلز کے اشتراک سے خاندانی منصوبہ بندی سمیت تولیدی صحت کی اہمیت پر بھی خصوصی توجہ دی ہے