لاہور(صباح نیوز)لاہور میں چوتھی جماعت کا طالبعلم سرکاری اسکول کے اساتذہ کی جانب سے زبردستی نکالے جانے پر والدہ کے ہمراہ عدالت پہنچ گیا۔
لاہور ہائیکورٹ میںسرکاری اسکول سے چوتھی کلاس کے طالب علم کو زبردستی نکالے جانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔دوران سماعت 7سالہ بچہ والدہ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوا جبکہ عدالت نے سی ای او جھنگ سمیت دیگر سے جواب طلب کر لیا۔
درخواست میں بچے کی والدہ نے موقف اختیار کیا کہ میں بیٹے کو پڑھا لکھا کر بڑا آدمی بنانا چاہتی ہوں لیکن میرے بچے اظہر کو سرکاری اسکول کی استانی نگہت نے زبردستی نکال دیا۔والدہ نے عدالت سے درخواست کی کہ بیٹے کو متعلقہ اسکول میں دوبارہ داخلہ دینے کا حکم صادر کیا جائے تاکہ میرا بیٹا دوبارہ اپنی تعلیم کو جاری رکھ سکے۔