اسلام آباد (صباح نیوز) ریڈیو، تھیئٹر، فلم اور ٹی وی کے لیجنڈ اداکار محمد قوی خان کینیڈا میں انتقال کرگئے، صدرمملکت، وزیراعظم سمیت مختلف شخصیات نے قوی خان کے انتقال پراظہار افسوس کیا ہے۔ ریڈیو، تھیئٹر، فلم اور ٹی وی کے لیجنڈ اداکار محمد قوی خان کینیڈا میں انتقال کرگئے ہیں۔ ان کی عمر 80 برس تھی۔
محمد قوی خان نے اوائل عمر میں ہی ریڈیو سے صداکاری کا آغاز کیا اورتھیئٹر، ٹی وی، فلم میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ تاہم پی ٹی وی لاہور سے نشر ہونے والی ڈرامہ سیریئل اندھیرا اجالا نے انہیں غیرمعمولی شہرت عطا کی جس میں انہوں نے پولیس انسپیکٹر کا کردار ادا کیا تھا۔
قوی خان ایک عرصے سے علیل تھے اور اس وقت علاج کی غرض سے کینیڈا میں مقیم تھے کہ ان کا انتقال ہوا ہے۔ محمد قوی خان نومبر 1942 میں پشاور میں پیدا ہوئے اور اوائل عمر سے ہی ریڈیو پاکستان سے وابستہ ہوئے جہاں انہوں نے آواز کے زیروبم پر عبور حاصل کیا۔ اس کے بعد انہوں نے تھیئٹر میں کام کے ساتھ ساتھ پاکستان ٹیلی وژن پر بھی اداکاری شروع کردی اور جلد ہی صفِ اول کے اداکاروں میں شامل ہوگئے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ، نے معروف اداکار قوی خان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا ہے کہ قوی خان کے انتقال سے پاکستان ایک عظیم فنکار سے محروم ہوگیا، فن کے لیے ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
صدر مملکت نے مرحوم کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ان کی وفات پاکستان کے فن کے شعبے کا ناقابل تلافی نقصان ہے۔ اللہ تعالی مرحوم کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ محمد قوی خان نے فلم، ٹی وی، سٹیج اور ریڈیو پر اپنے فن کا لوہا منوایا اور بھرپور داد پائی۔ تمغہ حسن کارکردگی اور ستارہ امتیاز کے اعزازات قوی خان کی فنکارانہ صلاحیتوں کا ریاستی سطح پر اعتراف ہے۔
قوی خان نے ریڈیو پشاور پر چائلڈ ایکٹر کے طور پر کام شروع کیا جو ان کے فطری ٹیلنٹ کا ثبوت ہے۔ لاکھوں میں تین اور اندھیرا اجالا میں ان کی اداکاری عوام کے ذہنوں میں آج بھی زندہ ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اطلاعات و نشریات نے کہاکہ قوی خان جتنے اچھے فنکار تھے وہ اتنے ہی اچھے انسان بھی تھے۔
انہوں نے کہاکہ مرحوم قوی خان کی فنکارانہ صلاحیتوں کا اعتراف پاکستان ہی نہیں، بیرون ملک بھی کیا گیا ہے۔مرحوم نے شاہکار ڈرامے اندھیرا اجالا میں اپنی فنکارانہ صلاحیتوں سے سرحدوں کو عبور کیا۔ مرحوم کی فن سے جتنی محبت تھی، اس سے زیادہ شدید محبت وہ پاکستان سے کرتے تھے۔
وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ قوی خان پیدائشی فنکار تھے، بچپن سے لے کر آخری دم تک وہ فن اداکاری سے وابستہ رہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔
سابق وزیرِاعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر اداکار قوی خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ معروف اداکار قوی خان کی رحلت کے بارے میں جان کر رنجیدہ ہوں۔عمران خان کا کہنا ہے کہ میری دعائیں اور ہمدردیاں ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔
اس کے علاوہ پاکستان شوبز انڈسٹری کا معتبر نام اور لیجنڈری اداکار محمد قوی خان کے انتقال پر شوبز شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔