پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا حکومتی اعلان قوم کے ساتھ مذاق ہے،جماعت اسلامی


لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا حکومتی اعلان قوم کے ساتھ مذاق ہے۔

 پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 5روپے فی لیٹر کمی کے اوگرا کے نوٹیفکیشن پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی عالمی منڈی میں ہونے والی کمی کے مطابق عوام کو ریلیف دے۔

انھوں نے کہا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات پر لیوی اور دیگر ٹیکسز ختم کرے اور غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکہ مت ڈالے۔

انھوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں معمولی قیمت میں اضافہ پر ملک میں پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کر دیاجاتا ہے۔اس کے برعکس جب عالمی مارکیٹ میں فیول کی قیمتیں کم ہوتی ہیں تو عوام کے ساتھ بھونڈا مذاق کیا جاتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ مہنگائی، بیروزگاری سے عوام کا جینا پہلے ہی دوبھر ہو چکا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں معمولی ردوبدل کو جماعت اسلامی مسترد کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ حکومت پٹرول، گیس، اشیائے خوردونوش اور ادویات کی قیمتوں میں کمی کرے، بے جا ٹیکسز کو ختم کرے اور کرپٹ سرمایہ داروں اور مافیاز کو فائدہ پہنچانے کی بجائے ملک کے 22کرو عوام کو ریلیف دے۔ اگر حکومت ایسا نہیں کر سکتی تو عوام کی جان چھوڑ کر گھر چلی جائے۔