اسلام آباد(صباح نیوز)ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں مہنگائی بڑھنے کا خدشہ ظاہر کر دیا۔
آوٹ لک رپورٹ 2021 کے مطابق پاکستان میں مہنگائی میں اضافہ کی وجہ بجلی ٹیرف اور تیل کی بڑھتی قیمتوں کو قرار دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق خطے میں مجموعی مہنگائی 5.8 فیصد کے بجائے 5.9 فیصد رہے گی۔ پاکستان میں کپاس اور گنے کی پیداوار میں اضافہ ہوا۔ پاکستان میں خدمات کے شعبے کی کارکردگی میں بھی بہتری آئی۔
جنوبی ایشیا میں اس سال معاشی شرح نمو 8.8 فیصد کے بجائے 8.6 فیصد رہنے کا امکان ہے۔اے ڈی بی رپورٹ میں افغانستان کے تشویشناک معاشی حالات کا بھی تذکرہ ہوا۔ عالمی امداد میں کمی کو بحران کی وجہ قرار دیا۔ بھارت میں بھی مہنگائی 5.9 فیصد رہنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔
دوسری جانب ایشیائی ترقیاتی بینک نے پنجاب میں نظام آب پاشی کے لیے 20 کروڑ ڈالرز قرض کی منظوری بھی دے دی ہے ۔ذرائع کے مطابق یہ قرض پنجاب میں چوبارہ نظام آب پاشی کینال سسٹم کی تعمیر پر خرچ کیا جائے گا جس سے بھکر، لیہ، مظفر گڑھ، جھنگ اور خوشاب کو پانی فراہمی میں مدد ملے گی