موجودہ حکمران اتحاد کے دور میں پہلے نو ماہ میں دس ہزار ارب روپے سے زائد کے قرضوں میں اضافہ ہوا،اسٹیٹ بینک


اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان کے ذمہ ملکی و غیر ملکی قرضوں کا حجم 63 ہزار ارب روپے سے تجاوز کر گیا ۔موجودہ حکمران اتحاد کے پہلے نو ماہ میں قرضوں میں دس ہزار ارب روپے کا اضافہ ہو گیا ۔ ان میں پانچ ہزار  ارب روپے اندرونی اور دیگر بیرونی قرضے شامل ہیں ۔

اسٹیٹ بینک کی تازہ رپورٹ کے مطابق موجودہ حکمران اتحاد کے دور حکومت میں ماہانہ 1150  ارب روپے جبکہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں ماہانہ 635 ارب روپے کے تناسب سے قرضوں میں اضافہ ہوا ۔ اپریل سے دسمبر 2022 ء تک موجودہ حکومت کے دور میں 10 ہزار 324 ارب روپے سے زائد کے اندرونی و بیرونی قرضوں میں اضافہ ہوا ۔

مجموعی طور پرپاکستان میں 63868 ارب روپے کے قرضے ادا کرنے ہیں ۔ اندرونی قرضے 33 ہزار 116 ارب ، بیرونی قرضے 26 ہزار 127 ارب روپے ہے ۔ مارچ 2022 ء تک پاکستان نے 53 ہزار 561 ارب روپے کے قرضے ادا کرنے تھے ۔