کراچی (صباح نیوز)پاکستان کے معروف سائنسدان اور ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمان کو دنیا کی معروف وال آف سائنٹسٹ میں شامل کرلیا گیا۔
سوئٹزر لینڈ میں وال آف سائنٹسٹ مشہور انجینئرنگ یونیورسٹی سوئس فیڈرل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کی جانب سے بنائی گئی ہے۔بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق پروفیسر عطا الرحمان مسلم دنیا سے پہلے سائنسدان ہیں، جن کو وال آف سائنٹسٹ میں شامل کیا گیا ہے، اس میں صرف دنیا کے نمایاں سائنسدانوں کو ہی شامل کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ سوئس فیڈرل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی دنیا میں صفِ اول کی جامعات کی فہرست میں 12 ویں نمبر پر ہے۔شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے پروفیسر عطا الرحمن کو اس اچیومنٹ پر مبارکباد دیتے ہوئے جامعہ کراچی اور پوری قوم کیلئے اعزاز قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ پروفیسر عطا الرحمان رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر کی جانب سے دنیا کے 500 بااثر ترین مسلمانوں کی فہرست میں بھی شامل ہیں۔پروفیسر عطا الرحمان چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان اور وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی کے مناصب پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ کئی مرتبہ پاکستان اکیڈمی آف سائنسز کے صدر بھی رہے ہیں۔ڈاکٹر عطا الرحمان مسلم دنیا سمیت کئی دیگر ممالک کی اکیڈمی آف سائنسز کے صدر بھی رہ چکے ہیں، اس کے علاوہ چین اور ملائیشیا میں ان کے نام سے متعدد تحقیقی اور تعلیمی ادارے قائم کئے جاچکے ہیں۔
ڈاکٹر عطا الرحمان نے اپنی گراں قدر خدمات کے باعث ناصرف ملکی بلکہ متعدد بین الاقوامی ایوارڈز بھی حاصل کئے ہیں، چینی صدر ژی جن پنگ نے انہیں چین کے سب سے اعلی سائنٹیفک ایوارڈ سے بھی نوازا تھا۔ڈاکٹر عطا الرحمان کو فیلو آف رائل سوسائٹی (لندن) کا اعزاز بھی حاصل ہے، انہیں دی ورلڈ اکیڈمی آف سائنس (ٹی ڈبلیو اے ایس) ایوارڈ بھی مل چکا ہے ۔