اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے کہاہے کہ مشکلات کے باوجود حکومت معاملات کودرست کرنے اور معیشت کو مثبت سمت پر گامزن کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
انہوں نے ایشین انفراسٹرکچر اینڈ انویسٹمنٹ بینک کے چیف اکانومسٹ ایرک برگلوف سے ملاقات میں کہی۔اس موقع پرمعاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، معان خصوصی محصولات طارق محمود پاشا اور فنانس ڈویژن کے سینئر افسران بھی موجودتھے۔وزیر خزانہ نے ایرک برگلوف کا خیرمقدم کیا اورانہیں ملک کے موجودہ معاشی منظرنامے، پائیدار اقتصادی ترقی اور معاشرے کے معاشی طورپرکمزورطبقات کی سماجی ترقی کے لئے حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اصلاحات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ معاشی مشکلات کے باوجود حکومت چیزوں کو درست کرنیاور معیشت کو مثبت سمت پر گامزن کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ وزیر خزانہ نے وفد کو گزشتہ مون سون میں پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے ہونے والے معاشی نقصانات اور متاثرہ علاقوں میں بحالی اور تعمیر نو کے کی سرگرمیوں کے بارے میں بھی بتایا۔ایشین انفراسٹرکچر اینڈ انویسٹمنٹ بینک کے چیف اکانومسٹ نے عوام کی سماجی ترقی کے لئے موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اصلاحات کو سراہا۔
انہوں نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے منصوبوں اور سرمایہ کاری میں بینک کے کردار پر روشنی ڈالی اور پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں میں مستقبل کے تعاون بالخصوص ماحول دوست اور موسمیاتی لحاظ سے موزوں بنیادی ڈھانچہ پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خزانہ نے پاکستان کے لئے تعاون پر بینک کے چیف اکانومسٹ کا شکریہ ادا کیا۔۔