پشاور دھماکے میں ٹی این ٹی دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا


پشاور(صباح نیوز) پشاور دھماکے میں ٹی این ٹی دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔تحقیقاتی اداروں کو پشاورپولیس لائنز دھماکے کے خودکش بمبار اور نیٹ ورک کی تفصیلات مل گئیں۔

خود کش بمبار نے مسجد کے پرانے حصے میں دھماکا کیا۔ مسجد کے پرانے حصے میں کوئی پِلر موجود نہ تھا اور دیواریں صرف اینٹوں کے سہارے کھڑی کی گئی تھیں۔دھماکے کی وجہ سے دیواریں اور چھت گرنے سے زیادہ تر شہادتیں ہوئیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں ملوث نیٹ ورک تک پہنچ چکے ہیں، اور خود کش بمبار اور نیٹ ورک کی تفصیلات بھی حاصل کرلی گئی ہیں، جب کہ تحقیقاتی ادارے نیٹ ورک تک رسائی حاصل کر رہے ہیں۔

پولیس نے متعدد مشکوک افراد کو بھی حراست میں لیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے تاہم ابھی تک کوئی باقاعدہ گرفتاری ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پشاور میں قائم پولیس لائنز کی مسجد میں عین نماز ظہر کے وقت خودکش دھماکا ہوا تھا جس میں پولیس افسران و اہلکاروں سمیت 84 نمازی شہید ہوئے تھے۔دھماکے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان کے خراسانی گروپ نے قبول کی تھی۔