لاہور(صباح نیوز)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے” یوم یکجہتی بلوچستان” کے موقع پر ایکسپو سنٹر لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ ہے لیکن مرکزی اور صوبائی حکومت کی توجہ سے محروم چلا آرہا ہے۔
غربت کی شرح پاکستان میں سب سے زیادہ 86فیصد بلوچستان میں ہے او ر بلوچستان میں وسائل کی منصفانہ تقسیم نہ ہونے سے تاریخی محرومیاں لوگوں میں غم و غصہ کا باعث بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا بلوچستان میں سوئی کے مقام سے سب سے پہلے گیس نکلی جو پورے ملک کو گیس پہنچانے کا ذریعہ بنی لیکن بلوچستان کے عوام قدرتی سہولت سے ابھی تک محروم ہے دیگر قدرتی معدنیات جس کے فوائد عوام کو پہنچنے تھے لیکن چند سرداروں کو رائلٹی دے کر بلوچستان کے عوام کو محروم رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مکرا ن ڈویژن جہاں نہ پانی ہے نہ ہسپتال وسکولزکو نیشنل گرڈ سے منسلک بھی نہیں کیا گیا۔ حق دو گوادر تحریک مکران ڈویژن کے لوگوں کی آواز ہے اور مولاناہدایت الرحمن بلوچ اس کے سالار ہیں۔جماعت اسلامی حق دو گوادر تحریک کے شانہ بشانہ اور اس کی ہر فورم پر تائید و حمایت جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا وزیر اعظم عمران خان کے ٹویٹ کے بعد حق دو گوادر تحریک کے قائدین پر بنائے گئے مقدمات کی اب کوئی حیثیت نہیں رہی۔اگر اس کے باوجود انتظامیہ مولانا ہدایت الرحمن سمیت دیگر راہنمائوں پر مقدمات ختم نہیں کرتی تو یہ کھلی منافقت ہوگی۔انہوں نے کہا مچھیروں کے روزگار پر ڈاکہ ڈالنے والے ٹرالرز بند کیے جائیں ،سیکورٹی کے نام پر عوام کی بے عزتی ختم کی جائے اور بارڈر ٹریڈ کا گوادر کے عوام کو حق دیا جائے۔
انہوں نے کہا جماعت اسلامی بلوچ عوام کے حقوق کے لیے سر بکف سر بلند ہے۔ حکمران طبقہ ہوش کے ناخن لے اور اپنے حق کے لیے ڈٹ جانے والے بلوچ عوام کے نمائندوں سے با مقصد مذکرات کرکے ان کو ان کے جائز حقوق دینے کا اعلان کرے۔
امیر العظیم نے کہا اس وقت لاہور میں صرف مسائل ہی مسائل نظر آرہے ہیں۔چولہوں میں گیس کی جگہ پانی آرہا ہے۔ صفائی کی ابتر صورتحال کی وجہ سے شہریان لاہور ،تعفن زدہ ماحول میں زندگی بسر کرنے پر مجبور رہیں ۔
گلیوں بازاروں اور اہم سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔پینے کا صاف پانی نایاب ہوچکا ہے فلٹریشن پلانٹس غیر فعال ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور آج دنیا کا نمبر 1آلودہ ترین شہر بن چکا ہے۔ یہ حکومتی اداروں کی نا اہلی کا نتیجہ ہے۔ ہر طرف سے باغوں کا شہر آج فلتھ ڈپو کا منظر پیش کررہا ہے۔