لاہور(صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ حکومت الیکشن کمیشن کو مضبوط کرنا چاہتی ہے، الیکشن کمیشن میں بہت سی شدت پسند جماعتیں رجسٹرڈ ہیں، تحریک لبیک کی فنڈنگ کا کوئی پتا نہیں، جے یو آئی پر فارن فنڈنگ سے متعلق سنجیدہ چارجز ہیں، پیپلز پارٹی کی بھی فارن فنڈنگ کا کوئی جواب نہیں ، ۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ پارٹیوں کی فنڈنگ عوام کے سامنے ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ بہت سی شدت پسند جماعتیں الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں کہ تمام جماعتوں کے ریکارڈ عوام کے سامنے ہوں۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ایف 7 تھری میں ن لیگ کے نام گھر ہے جس کی قیمت 2 کروڑ 70 لاکھ روپے لکھی ہوئی ہے جب کہ ایف 7 تھری میں 2 کروڑ 70 روپے میں تو فٹ پاتھ کی بھی جگہ نہیں ملتی ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ ن لیگ کے ایک بھی ڈونر کا ریکارڈ موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا ڈویژن میں ن لیگ کا کبھی احتساب ہی نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل وزیراعظم کے دل کے قریب ہیں، بلوچستان کے مسائل حل کرنا تحریک انصاف حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ سدرن بلوچستان کے لیے 700 ارب روپے کا پیکج دیا ہے۔فواد چودھری نے کہا کہ گوادر میں بجلی ، پانی اور گیس کے مسائل کا احساس ہے اور موجودہ حکومت مسائل کے حل کے لیے بھی تیار ہے۔
پی ٹی آئی کے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ وزیراعظم نے مسائل کے حل کے لیے بلوچستان کی حکومت سے بات کی ہے جب کہ گوادر میں غیر قانونی فشنگ پر وزیراعظم عمران خان نوٹس بھی لے چکے ہیں۔