سانحہ پشاور، حملہ آور نے جمعہ کو بھی دھماکا کرنے کیلئے مسجد جانے کی کوشش کی


پشاور(صباح نیوز)سانحہ پشاور میں ملوث خودکش حملہ آور کی گزشتہ جمعہ کو بھی دھماکا کرنے مسجد جانے کی کوشش کا انکشاف ہوا ہے۔

سی سی ٹی وی فوٹیجز سے ملنے والی معلومات کے مطابق سانحہ پشاور میں ملوث خودکش حملہ آور وقوعے سے قبل گزشتہ جمعہ کو نمازِ جمعہ کے موقع پر بھی پشاور پولیس لائن کی اسی مسجد میں دہشت گردی کے لیے پہنچا تھا جہاں پولیس کی اعلی قیادت نمازِ جمعہ کے لیے موجود تھی تاہم سخت سیکیورٹی کی وجہ سے وہ واپس چلا گیا تھا۔تحقیقاتی ذرائع کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیجز سے تحقیقاتی حکام کو اہم معلومات مل گئی ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ جمعہ کی نماز میں خودکش حملہ آور کا نشانہ پولیس کی سینیئر قیادت تھی تاہم سخت سیکیورٹی کی وجہ سے خودکش حملہ آور جمعہ کو مسجد کے قریب سے واپس چلا گیا۔جمعہ کی نماز سی سی پی او اور سینئر پولیس افسران اسی مسجد میں ادا کرتے ہیں۔

خودکش حملہ آور پولیس یونیفارم میں مسجد میں داخل ہوا۔ خودکش حملہ آور کی جیکٹ میں لگ بھگ 15 کلو تک بارودی مواد تھا جبکہ خودکش حملہ آور کے ہیلمٹ میں بھی بارودی مواد کی موجودگی کا شبہ کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب سانحہ پشاور میں ملوث خودکش بمبار کے پولیس لائنز میں داخلے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے آگئیں۔

سانحہ پشاور میں ملوث خودکش بمبار کی پولیس لائنز میں داخل ہوتے ہوئے کچھ تصاویر سامنے آئی ہیں جو سی سی ٹی وی سے لی گئی ہیں۔ تصاویر میں میں حملہ آور کو موٹرسائیکل پر آتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ حملہ آور موٹر سائیکل سے اتر کر پیدل چلتے ہوئے پارک کرنے کے لیے گیا، ملزم نے پولیس یونیفارم پر جیکٹ اور ہیلمٹ بھی پہن رکھا ہے۔

تصاویر میں موٹر سائیکل کھڑی کرکے حملہ آور ہیلمٹ ہاتھ میں پکڑے ٹارگٹ کی طرف جاتے ہوئے بھی دکھائی دیا ہے۔