نئی دہلی (صباح نیوز)ہندوستان کی ریاست جھارکھنڈ کے دھنباد شہر میں آتشزدگی کے ایک بھیانک حادثے میں کم سے کم 15 افراد کی درد ناک موت ہوگئی ہے۔میڈیا رپورٹوں کے مطابق ریاست جھارکھنڈ کے دھنباد شہر میں واقع ایک کثیر منزلہ رہائشی عمارت، آشیرواد ٹاور، میں گذشتہ شام بھیانک آگ لگ گئی جس میں 10 عورتوں سمیت 15 افراد ہلاک ہوگئے۔
بتایا جاتا ہے کہ مرنے والوں میں 3 بچے بھی شامل ہیں۔ حادثے میں زخمی ہونے والے 14 افراد کو اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق آگ بجھانے والی تقریبا 40 گاڑیوں کی مدد سے تقریبا 4 گھنٹے کی جد و جہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق بدھ کی صبح تک امدادی کارروائیاں جاری تھیں۔ دھنباد کے ڈی ایس پی(لا اینڈ آرڈر)نے بتایا کہ مرنے والوں کی صحیح تعداد کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا کیونکہ ابھی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
کوئلہ نگری کے نام سے مشہور شہر دھنباد میں رونما ہوئے آتش زدگی کے اس بھیانک حادثے میں مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔جھارکھنڈ کے وزیر اعلی ہیمنت سورین نے اس دردناک حادثے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “ضلعی انتظامیہ جنگی پیمانے پر کام کر رہی ہے اور میں خود بھی تمام کارروائی پر نظر رکھے ہوئے ہوں۔”ادھر ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی آتش زدگی کے واقعے اور اس میں ہونے والی اموات پر شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے اہل خانہ کو 2 – 2 لاکھ اور زخمیوں کو 50- 50 ہزار روپے امدادی رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔