وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے یواے ای کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی کی ملاقات

اسلام آباد(صبا ح نیوز) وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے فنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور دیرینہ تعلقات کا اشتراک کیا اور دونوں ممالک میں اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مضبوط بنانے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات توانائی، ریفائنری، پیٹرولیم اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں منسلک ہیں، تاہم ابھی بھی بہت زیادہ
گنجائش اور صلاحیت موجود ہے۔

وزیر خزانہ نے اس ضمن میں ان مختلف شعبوں پر بھی روشنی ڈالی جن میں دونوں ممالک تجارت اور سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ملاقات کے دوران متحدہ عرب امارات کے سفیر نے اس بات کو اجاگر کیاکہ متحدہ عرب امارات موجودہ حکومت کی ملک کی ترقی پر مبنی اقتصادی پالیسیوں سے پوری طرح آگاہ ہے اور اس بات کا اظہار کیا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان میں معیشت کے نئے شعبوں میں اپنی سرمایہ کاری کو بڑھانے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔

دونوں اطراف نے وزیراعظم پاکستان کے حالیہ دورہ متحدہ عرب امارات اور ان کی متحدہ عرب امارات کی قیادت سے ملاقاتوں پر تبادلہ خیال کیا اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے لیے ان ملاقاتوں میں کیے گئے فیصلوں پر بروقت عمل درآمد کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خزانہ نے متحدہ عرب امارات کی پاکستان میں نئی سرمایہ کاری کی تجویز کا خیرمقدم کیا اور متحدہ عرب امارات کے سفیر کو موجودہ حکومت کی جانب سے مکمل تعاون اور معاونت کا یقین دلایا۔ آخر میں، وزیر خزانہ نے خیر سگالی ، نیک نیتی اور تعاون کے لیے شکریہ کے جذبات کا اظہار کیا اور مستقبل میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی امید کا اظہار کیا  ۔