پشاور(صباح نیوز) پشاور پولیس لائن کی جامع مسجد میں نماز ظہر کے دوران ہونے والے المناک دھماکے کی اطلاع ملتے ہی الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی صدر خالد وقاص نے فوری طور پر الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کے رضاکاروں اور ایمبولینس سروس کو جائے وقوعہ اور گورنمنٹ لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور پہنچنے کی ہدایت کی جس پر ضلع بھر سے ڈیڑھ سو سے زائد رضاکار امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لئے جائے وقوعہ اور ایل آر ایچ پہنچ گئے ۔الخدمت کے رضاکاروں نے 12ایمبولینس گاڑیوں کے زریعے جائے وقوعہ سے زخمیوں اورشہداء کو صوبے کے سب سے بڑے ہسپتال ایل آرایچ منتقل کیاجبکہ ایل آریچ میں الخدمت کے صوبائی صدر خالد وقاص امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کرتے رہے ۔
اس موقع پر الخدمت کے تجربہ کار رضاکاروں نے ہسپتال انتظامیہ کی بھر پور معاونت کی اور تابوت فراہم کرنے کے علاوہ جاں بحق افراد کو پوسٹ مارٹم کے لئے خیبرٹیچنگ ہسپتال منتقل کرنے میں بھی الخدمت کے رضاکاروں اور ایمبولینس سروس نے بھرپور حصہ لیا۔ واضح رہے کہ دھماکہ سے مسجد کی چھت منہدم ہونے سے امدادی سرگرمیوں اور زخمیوں کو نکالنے میں امدادی کارکنوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑاجس کے بعد ہیوی مشینری منگوائی گئی اور رات گئے تک امدادی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہا۔