پاکستان کو معاشی دلدل سے نکالنے کے لئے ایکسپورٹ ایمرجنسی کی ضرورت ہے، احسن اقبال

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو معاشی دلدل سے نکالنے کے لئے ایکسپورٹ ایمرجنسی کی ضرورت ہے ، ایکسپورٹ شعبہ کی ترقی میں ہمارے معاشی مسائل کا حل ہے ، انڈسٹری کے مسائل کو حل کرنے کے لئے پورا کردار ادا کریں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک کے ٹاپ ایکسپورٹرز کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ سرکاری میڈیا کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ایکسپورٹ شعبہ کی ترقی میں ہمارے معاشی مسائل کا حل ہے ، پاکستان کو معاشی دلدل سے نکالنے کے لئے ایکسپورٹ ایمرجنسی کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ڈالر کھپانے میں ترقی کی مگر کمانے میں ترقی نہیں کر سکے ، وژن 2010 اور وژن 2025 کے ذریعہ معاشی ڈھانچے کو بدلنے کی کوشش کی ، ہر بار سیاسی عدم استحکام نے ترقی کے پلان کو کریش کر دیا ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ برآمدات اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے انڈسٹری کے ساتھ کھڑے ہوں گے ، ہمارے مستقبل کا انحصار اس پر ہے کہ 32 ارب ڈالر سے 100ارب ڈالر برآمدات کتنے سال میں ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کو عالمی مسابقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں مدد دیں گے ، چین کی 2 کھرب ڈالر کی درآمد میں ہمارا حصہ فقط 3 ارب ڈالر ہے ، چین کی مارکیٹ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور یورپ میں مارکیٹ شیئر بڑھانے کی ضرورت ہے، سی پیک کی صورت میں صدی کا موقع ملا تھا ضا ئع کردیا گیا ، سی پیک کے منصوبے کو دوبارہ کھڑا کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کے مسائل کو حل کرنے کے لئے پورا کردار ادا کریں گے ۔۔