لاہور (صباح نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کی خود ساختہ ترقی کی بے بنیادی تقریریں کر کے عوام کے زخموں پر نمک چھڑکتے ہیں اور خود اپنی ساکھ کو خاک میں ملاتے ہیں ۔
انہوں نے چیف سیکرٹری بلوچستان کے فون کے جواب میں کہا کہ گوادر میں 10 دسمبر کو مولانا ہدایت الرحمان کی قیادت میں تاریخی ریلی نے ریفرنڈم کر دیا ہے کہ وفاقی ، صوبائی اور ریاستی ادارے گوادر بلوچستان کے عوام کو حق دیں ۔ مظاہرین پر امن ، گوادر کی ترقی کے حامی اور پاکستان کے لیے جرات مند با اعتماد عوام ہیں ۔ حکومتیں حالات اور مسائل کو الجھانے کی بجائے گوادر اور ساحل پر ٹرالر مافیا کا خاتمہ ، مقامی ماہی گیروں کے روزگار کا تحفظ دیا جائے ۔ بارڈر پر ایف سی ، کوسٹ گارڈز کی بجائے صوبائی سول انتظامیہ معاملات کی ذمہ دار بنائی جائے ۔ سکیورٹی کے نام پر غیر ضروری چیک پوسٹیں ختم کی جائیں عوام کی تذلیل بند کی جائے ۔ شراب خانوں کے لائسنس منسوخ اور منشیات فروشی کا خاتمہ کیا جائے ۔ گوادر کے عوام کا تعلیم صحت پانی اور روزگار کا حق تسلیم کیا جائے ۔
سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا کہ گوادر عوام کے مسائل کے حل کئے جائیں تاخیری حربے عوام میں اشتعال کا باعث ہیں ۔ 22 دسمبر کو ملی یکجہتی کونسل کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے ۔ صاحبزادہ ابوالخیر زبیر کی صدارت میں تمام دینی جماعتیں ملکی حالات کے پیش نظر آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کریں گی۔
انہوں نے کراچی گرین لائن بس کے افتتاح کے حوالے سے کہا کہ مسلم لیگ ( ن ) ، پی پی پی ، پی ٹی آئی ، ایم کیو ایم نے مل کر کراچی کے عوام سے بار بار دھوکہ کیا ہے ۔ گرین لائن بس کا ادھورا منصوبہ شروع کر دیا گیا لیکن کراچی کے مسائل کے حل کے لیے بنیادی اقدامات نہیں ہو رہے ۔ آصف علی زرداری ، میاں نواز شریف اور عمران خان اربوں کھربوں روپوں کے منصوبوں کا اعلان کیا عمل ندارد، جھوٹ ، فریبی نعروں اور عوام سے دھوکہ دہی کے سیاہ دور کا خاتمہ نوشتہ دیوار ہے، بجلی ، تیل ، گیس ، افراط زر ، ٹیکسوں کی شرح میں مسلسل اضافہ غریب بے بس عوام کی موت کے پروانے ہیں ۔