الخدمت فاؤنڈیشن خواتین ونگ ٹرسٹ لاہور نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے سستا بازار کا انعقاد کیا

لاہور (صباح نیوز)عوام کو مہنگائی سے ریلیف کے لئے الخدمت فاؤنڈیشن خواتین ونگ ٹرسٹ لاہور نے سستا بازار لگایا۔سینکڑوں شہریوں نے اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔اس موقع پر کمیونٹی سروسز پروگرام مینیجر افشاں طاہر نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن خواتین ونگ ٹرسٹ لاہور کے پلیٹ فارم سے سیلاب سے متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد کے لئے سستے بازار کا انعقاد کیا گیا جس کی آمدنی مذکورہ علاقوں کے متاثرین کو دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے دور میں شہریوں کو کم منافع پر معیاری اشیاء فراہم کی گئی ہیں جس سے شریوں نے بھر پور استفادہ کیا ۔سستا بازار میں فروخت کی جانے والی اشیاء میں مردانہ، زنانہ اور بچوں کے کپڑے ،سویٹر،برتن،پردے  اور گھریلو استعمال کی دیگر اشیاء شامل تھیں۔انہوں نے کہا کہ جب تک متاثرین سیلاب کے مسائل حل اوروہ اپنے گھروں میں آباد نہیں ہو جاتے الخدمت فاؤنڈیشن خواتین ونگ ٹرسٹ لاہور ان کی مدد کے لئے کوشاں رہے گا۔