بلوچستان، مچھ کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکہ

کوئٹہ ( صباح نیوز) بلوچستان کے علاقے مچھ کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکہ ، جعفرایکسپریس کی انجن سمیت 8بوگیاں پٹڑی سے اترنے سے 14سے زائد مسافر زخمی ہوگئے ہیں ، ضلع کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ، قائمقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی ،وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو ودیگر نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ زخمیوں تمام تر طبی سہولیات فراہم کی جائے ۔

ڈپٹی کمشنر بولان آغا سمیع اللہ کے مطابق جمعہ کو بولان کے علاقے مچھ کے قریب پنیر ریلوے ٹریک پر دھماکہ ہوا اور جعفرایکسپریس کو دھماکہ خیز مواد سے اڑانے کی کوشش کی گئی ، دھماکے سے انجمن سمیت ریلوے کی 8بوگیاں پٹڑی سے اتر گئی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ضلع کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی سرگرمیاں شروع کردی ۔ قائمقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی نے جعفر ایکسپریس کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے،

جعفر ایکسپریس پر دھماکے کے نتیجے میں مسافروں کے زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قائمقام گورنر بلوچستان نے ہدایت کی کہ ان کو فوری طور پر علاج و معالجہ کی تمام طبی سہولیات فراہم کی جائے. قائمقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کی کٹہرے میں لایا جائے تاکہ قانون کی پاسداری کو یقینی بنایا جا سکیں۔ وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجونے واقعہ کی مذمت اور مسافروں کے زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ متاثرہ مسافروں کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے اور زخمیوں کو اسپتالوں میں منتقل کر کے علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔وزیراعلی نے سیکورٹی اداروں کو بھی ہدایت کی کہ علاقے میں حفاظتی اقدامات مزید موثر کی جائے ۔