الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے تقریب


لاہور(صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن کے آرفن کیئر پروگرام کے تحت صوبے بھر کے حالیہ بورڈ امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے یتیم بچوں میں اعزازی شیلڈز اورانعامات تقسیم کئے گئے۔

الخدمت کمپلیکس لاہور میں منعقدہ تقریب کے مہمانِ خصوصی امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق تھے۔سراج الحق نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تمام بچے،الخدمت آرفن فیملی سپورٹ پروگرام کی پوری ٹیم اوران بچوں کے لواحقین دلی مبارکباد کے مستحق ہیں۔

یہ بچے ملک و قوم کا سرمایہ ہیں۔میرے لئے اعزاز کی بات ہے کہ میں آج اپنے باہمت بچوں کے درمیان ہوں۔انشاء اللہ پاکستان کا مستقبل انہیں روشن ستاروں کے ہاتھ ہو گا۔

صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان محمد عبدالشکور نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر کے 17ہزار سے زائد یتیم بچوں کی کفالت اور معیاری تعلیم و تربیت ایک مقدس فریضے کے طور پر سرانجام دی رہی ہے۔ ہمارامشن ہے کہ ملک میں بسنے والا ہر یتیم معاشرے پر بوجھ بننے کی بجائے زندگی کے ہر میدان میں ملک و قوم کا نام روشن کرے۔ 11سومیں سے 11سو نمبرحاصل کرنے والی بچی فاطمہ رباشہ نے حاضرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے باپ کے سائے سے محروم بچوں کو بہترین پلیٹ فورم مہیا کیا ہے کہ وہ تعلیم حاصل کرکے ملک و قوم اور اپنے والدین کا نام روشن کریں۔

تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پرصدر الخدمت لاہور انجینئر احمد حماد رشید نے فاطمہ روباشہ کے تا عمر تعلیمی اخراجات کی ذمہ داری اٹھانے کا اعلان کیا۔

تقریب میں سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن شاہد اقبال،ایگزیکٹو ڈائریکٹر خبیب بلال، صدر الخدمت وسطی پنجاب اکرام الحق سبحانی، نیشنل ڈائریکٹر الخدمت آرفن فیملی سپورٹ پروگرام بریگیڈیئر ریٹائرڈ عبدالجبار بٹ،صوبہ بھر سے پوزیشن ہولڈر بچوں بچیوں اور ان کی ماؤں نے شرکت کی۔