لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی ،سیاسی انتخابی قومی امور قائمہ کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ یورپ مسلم دنیا کے لئے اپنی پالیسی اور حکمت عملی تبدیل کرے۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے برٹش ہائی کمیشن خارجی امور، علاقائی استحکام امور کے ہیڈ سام راف نے لاہور رہائش گاہ پر ملاقت کی۔
اِس موقع پر ڈاکٹر احمد جبران بھی موجود تھے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ خطہ میں امن استحکام اسی وقت آئے گا کہ امریکہ ، برطانیہ ، یورپ مسلم دنیا کے لئے اپنی پالیسی اور حکمت عملی تبدیل کرے، افغانستان میں امریکہ اور نیٹو ممالک ناکام ہو گئے، اپنی ناکامی تسلیم کریں، طالبان سے امریکہ نے قطر میں مسلسل مذاکرات کئے، مذاکرات کے نتیجہ میں افغانستان طالبان کے حوالے کیا گیا اور امریکی فورسز نِکل گئیں ۔ اب یہ امر حیران کن ہے کہ طالبان سے مذاکرات جائز اور حکومت قبول نہیں۔ افغانستان میں امن واستحکام خطہ میں امن کی کلید ہے۔ عالمی قوتوں کو تسلیم کر لینا چاہیے کہ مسلمانوں سے زور، طاقت ، اسلحہ کی قوت سے آزادی نہیں چھینی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کی صرف خوراک اور ادویات کی فراہمی نہیں سیاسی حمایت کی جائے۔ امریکہ ویورپ کا رویہ افغانستان کے لئے تبدیل نہ ہوا تو دہشت گرد تنظیمیں زور پکڑیں گی۔ امن تباہ ہو گا، اب یہ کھلا راز ہے کہ دہشت گرد تنظیموں کو کہاں سے اور کس حکمت عملی کے تحت حمایت حاصل ہے۔سام راف نے کہا کہ برطانیہ کی کرکٹ ٹیم آئندہ سال دورہ کرے گی۔
لیاقت بلوچ نے منصورہ میں مرکزی قائدین کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ گوادر بلوچستان میں مولانا ہدایت الرحمن کی قیادت میں پرامن ، منظم اور تاریخ ساز دھرنا جاری ہے۔ وفاقی، صوبائی اور ریاستی اداروں کو گوادرعوام کو مطمئن کرنا ہو گا۔ دھرنا احتجاجیوں کے مطالبات جائز اور انسانی حقوق پر مبنی ہیں۔ وزیرِاعلی بلوچستان کی ہدایت پر چیف سیکرٹری بلوچستان کی سربراہی میں ٹیم مطالبات اور حل کی تفصیلات طے کر رہی ہیں۔ دھرنا قائدین کے مطالبات چارٹر کے حل کے لئے اطمینان ضروری ہے۔جماعت اسلامی 12دسمبر 2021 کوپورے ملک میں گوادر عوام کے دھرنے کی حمایت اور یکجہتی کے لئے احتجاجی مظاہرے اور کیمپ لگائے گی۔ گوادر کی عوام تنہانہیں ہیں۔پورے ملک سے مولانا ہدایت الرحمن اور دھرنا شرکا کو عوام کی حمایت حاصل ہے۔ مذاکرات اور پرامن بنیادوں پر مسائل کا حل بلوچستان کے عوام کا اعتماد بحال کرے گا۔