سانحہ سیالکوٹ کی تحقیقات، مزید 8 ملزمان گرفتار


لاہور(صباح نیوز)سانحہ سیالکوٹ کی تحقیقات کے سلسلے میں پولیس نے مزید 8 ملزمان کو گرفتارکرلیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج اور موبائل کالز ڈیٹا کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پولیس کے چھاپے جاری ہیں، اب تک 34 مرکزی ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ سانحہ سیالکوٹ کے کیس پر ہونے والی پیش رفت کا خود جائزہ لے رہا ہوں، ذمہ دار قانون کے تحت سخت سزا کے حقدار ہیں، ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دلائی جائے گی، انصاف کے تمام تقاضے پورے کریں گے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے مزید ملزمان کو  انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا، ان ملزمان میں پریانتھا کمارا کی نعش کی بے حرمتی کرنے والا ذاکر سلمان بھی شامل ہے، جسے رات گئے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان میں واقعہ کی ویڈیو بنانے، اشتعال دلانے اور تشدد کرنے والے بھی شامل ہیں، وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب کیس کی تحقیقات کو مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں۔