ڈیرہ اسماعیل خان (صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ ڈیرہ اسماعیل خان ، چشمہ رائیٹ بینک کینال کی بحالی، ٹانک زام ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کو مختلف ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی، سربراہ جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمن بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
خیبر پختونخوا کے گورنر حاجی غلام علی ،وفاقی وزرا مریم اورنگزیب، احسن اقبال، مولانا اسعد محمود سمیت دیگر بھی تقریب میں موجود تھے۔اس سے قبل وزیراعظم محمد شہبازشریف کو ڈیرہ اسماعیل خان کے دورہ کے موقع پر ہیلی کاپٹر میں علاقے کی ترقی کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی ۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کووفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی، سی پیک کے مغربی روٹ کے حوالے سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ڈی آئی خان اور میانوالی اہم علاقے ہیں، انہیں ترقی کے دھارے میں شامل کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے مغربی روٹ کے ذریعے یہ علاقے خوش حالی سے ہمکنار ہوں گے ۔۔