میدانی علاقوں میں دھند چھائی رہی، موٹرویز کئی مقامات پر بند، پروازیں متاثر


لاہور،صوابی (صبا ح نیوز) میدانی علاقے شدید دھندکی لپیٹ میں رہے جس کے باعث موٹرویز کئی مقامات پر ٹریفک کیلئے بند کردی گئیں جبکہ ہائی ویز پر بھی ٹریفک سست روی کا شکار رہی۔ لاہور ائیرپورٹ پر لینڈنگ اور ٹیک آف کرنے والی آٹھ پروازیں بھی دھند سے متاثر ہوئیں۔

ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ون صوابی سے برہان انٹر چینج تک جبکہ موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ سردار تک شدید دھند کے باعث بند کردی گئی۔

حکام نے بتایا کہ لاہور اور ملتان موٹر ویز فیض آباد سے درخانہ تک جبکہ موٹر وے ایم فور کو پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک بند کیا گیا، سیالکوٹ موٹر وے کو مکمل بند کر دیا گیا۔

دوسری جانب جی ٹی روڈ پربھی شاہدرہ سے لے کر وزیر آباد تک دھند چھائی رہی، حدنگاہ کم ہونے سے ٹریفک روانی متاثر ہوئی جبکہ لاہور ائیرپورٹ پر لینڈنگ اور ٹیک آف کرنے والی آٹھ پروازیں بھی دھند سے متاثر ہوئیں۔

موٹروے پولیس کی جانب سے روڈ یوزرز کو ہدایت کی گئی کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور گاڑیوں پر فوگ لائٹس کا استعمال کر یں۔

اس کے علاوہ روڈ یوزرز معلومات اور مدد کے لئے ہیلپ لائن 130 پر بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔