عمران ذہنی توازن کھو چکے، گورنر پنجاب کااجلا س بلانا آئینی ہے،رانا ثناء اللہ

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ اگرکل (بدھ)کے روز پنجاب اسمبلی کااجلاس نہ ہوااور وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے اعتماد کا ووٹ نہ لیا تو وزیر اعلیٰ ہائوس کو سیل کردیا جائے گا۔ گورنر پنجاب اس معاملہ پر کوئی بھی ایکشن لے سکتے ہیں۔

گورنر پنجاب کااجلا س بلانا آئینی ہے۔عمران خان ذہنی توازن کھو چکے ہیں۔ان خیالات کااظہار رانا ثناء اللہ خان نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پرویز الہیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینا چاہئے اور اپنے لوگوںکے ساتھ یہ وعدہ کرنا چاہئے کہ وہ اسمبلی نہیں توڑیں گے، جب 99فیصد پی ٹی آئی کے لوگ کہہ رہے ہیں کہ ہم اسمبلیاں توڑنے کے حق میںنہیں تو پھر پرویز الٰہی کیوں اسمبلی توڑ رہے ہیں۔ پرویز الٰہی نے باقاعدہ انٹرویو میں کہا ہے کہ ہمارے 99فیصد لوگ اسمبلیاں توڑنے کے حق میں نہیں ہیں۔

ایک پاگل اور احمق انسان پی ٹی آئی کو بھی حادثہ سے دوچارکررہا ہے اورپنجاب حکومت کو بھی حادثہ سے دوچارکررہا ہے اور نظام کو بھی حادژثہ سے دوچارکررہا ہے۔ اس پاگل انسان کا ادراک کیا جانا چاہئے، اس وقت قوم میں اوراداروں میں ہر جگہ یہ اتفاق رائے ہے کہ اس پاگل آدمی کو روکا جائے ورنہ یہ اس ملک کو کسی حادثہ سے دوچار کردے گا۔ انہوںنے کہا کہ اگر پرویز الٰہی اعتماد کا ووٹ نہیں لے پاتے تو پھر گورنر پنجاب نئے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے معاملہ کا نوٹیفیکیشن جاری کریں گے اوراس میں(ن)لیگ سمیت سبھی لوگ جاسکتے ہیں۔