وفاقی وزیر شازیہ مری کی عالمی فنڈ برائے زرعی ترقی کے کنٹری ڈائریکٹر سے الوداعی ملاقات

اسلام آباد(صباح نیوز)  وفاقی وزیر شازیہ مری نے  بین الاقوامی فنڈ برائے زرعی ترقی اور حکومت پاکستان کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ وزارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ  شازیہ مری نے زوم کے ذریعے بین الاقوامی فنڈ برائے زرعی ترقی (IFAD) کے کنٹری ڈائریکٹر مسٹر ہیوبرٹ بوئرارڈ سے الوداعی ملاقات کی۔

 اس موقع پر پاکستان میں نئے آنے والے کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر آرنوڈ ہیملرز کو بھی خوش آمدید کہا گیا۔ سبکدوش ہونے والے کنٹری ڈائریکٹر مسٹر ہیوبرٹ بوئرارڈ کے تعاون کو سراہتے ہوئے،  شازیہ مری نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب سے تین کروڑ تیس لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ انھوں نے  IFAD اور حکومت پاکستان کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اورامید ظاہر کی کہ نئے آنے والے کنٹری ڈائریکٹر کی سرپرستی میں بین الاقوامی فنڈ برائے زرعی ترقی  سماجی تحفظ کے شعبے بالخصوص نیشنل پاورٹی گریجویشن پروگرام (NPGP) کی حمایت جاری رکھے گا۔

 انہوں نے IFAD کے ساتھ تعاون بڑھانے خصوصا موسمیاتی آفات کے خلاف  اقدامات میں تعاون پر زور دیا۔ اس موقع پر  کنٹری ڈائریکٹر  ڈاکٹر آرنوڈ ہیملرز نے پاکستان کے لیے ان کے ادارے کی حمایت جاری رکھنے کی خواہش کا  بھی اظہار کیا، اور ان کے استقبالیہ پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔  IFAD نے پانچ کروڑ چالیس لاکھ امریکی ڈالر کی اضافی امدادکا بھی اشارہ دیا ہے۔  وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی، وزارت کے جوائنٹ سیکرٹری، پروگرام ڈائریکٹر این پی جی پی اور ٹیم لیڈر سوشل پروٹیکشن ڈیلیوری یونٹ (SPDU) بھی اس میٹنگ میں موجود تھے۔