سیالکوٹ(صباح نیوز)وفاقی وزیر خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ عمران خان فراڈیا ہے،نوجوان اس سے امید نہ رکھیں۔عمران نے ادارے متنازعہ بنانیکی کوشش کی، عوام میں اوقات کا پتہ چل گیا۔
سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ایک شخص 10 سال تک وزیراعظم بننے کے خواب دیکھ رہا تھا، لیکن پھر عدم اعتماد کی تحریک کے نتیجے میں پی ڈی ایم کی حکومت آگئی، اور شہباز شریف وزیراعظم بنے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی مدوجزر ہمارے سامنے ہے، عمران خان نے4 سال میں ملک کو مہنگائی کی بھٹی میں بھون دیا، یہ کہتا تھا کہ کہتا تھا خود کشی کرلوں گا مگر قرضے نہیں لوں گا، لیکن ملکی تاریخ میں اتنا قرضہ نہیں لیا جتنا پچھلی حکومت میں لیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ خواہشات کی شدت انسان کو رسواکر دیتی ہے، اور عمران خان اقتدار کے بھوکے ہیں، اس شخص نے اپنے ذہن میں آرمی چیف کی تعیناتی بٹھائی ہوئی تھی، اس شخص نے ایک اہم ادارے کو متنازع بنانے کی کوشش کی۔ خواجہ صف کا کہنا تھا کہ یہ احسان فراموش شخص ہے، اس کی ملک کے لیے کوئی وفاداری نہیں، نوجوانوں کو کہتا ہوں اس شخص سے اپنے مستقبل کی امیدیں نہ باندھیں، یہ جس کو ڈاکو کہتا تھا وہی آج ان کے ساتھ بیٹھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آڈیو لیکس میں عمران خان کے جھوٹ اور چوری سامنے آچکی ہے، 6 ارب روپے کے تحفے ڈیڑھ ڈیڑھ ارب کے بیچے گئے، اس پراتنے کیسز بنتے ہیں کہ گنتی بھی نہیں کی جاسکتی، یہ جانتا ہے کہ عوام میں اس کی مقبولیت کم ہو رہی ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جب ہمیں حکومت ملی تو معیشت زبوں حالی کا شکار تھی، کوشش ہوگی کہ گزشتہ 4 سال کی مہنگائی کے آگے بند باندھیں۔