لاہور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سیاسی بونوں کی نالائقی اور نااہلی سے ملک ایک سو سال پیچھے چلا گیا حکمرانوں نے ملک میں موجود ساٹھ فیصد سے زائد یوتھ کو مایوسیوں کے سوا کچھ نہیں دیا ،پاکستان میں جمہوریت ،پولنگ اسٹیشنز،پولنگ عملہ یرغمال ہے، الیکشن کی بجائے سلیکشن کے عمل سے ہمیشہ نقصان ہوا۔ جس دن پاکستان میں جمہوریت آزاد ہوئی اور عوام کو آزادانہ ماحول میں ووٹ ڈالنے کا موقع ملا جماعت اسلامی عوام کے اعتماد اور ووٹ سے بڑی کامیابی حاصل کرے گی۔ اب جماعت اسلامی کے علاوہ اور کوئی آپشن نہیں ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اچھر ہ لاہور میں جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کے مرکزی دفتر کی افتتاحی تقریب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر شیخ الحدیث مولانا عبد المالک،امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری،منظم اعلیٰ جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان حافظ شمشیر علی شاہد،مولانا محمد اسماعیل خان،امیر جماعت اسلامی لاہور ضیا الدین انصاری،عبید الرحمن عباسی،مولانا ہدایت اللہ و دیگر بھی موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ پی ڈی ایم مرکزمیں،پی ٹی آئی پنجاب اور کے پی میں جبکہ پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ میں 14 سالوں سے موجود ہے لوگوں نے بزدار،پرویز الہی،شہباز شریف سمیت سب کو دیکھ لیا،پاکستان کا بچہ بچہ سمجھتا ہے کہ یہ لوگ ڈلیور نہیں کر سکے اور یہ ناکام ترین حکمران ہیں،انہی لوگوں نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا، سیاست کو تبا ہ کیا،مہنگائی اور بے روزگاری کی مصیبتیں عوام پر ان کی وجہ سے ہیں، جس دن پاکستانیوں کی نگاہ میں نوٹ کی طرح ووٹ کی اہمیت اور قدر پیدا ہو گئی وہ ووٹ کو بھی چور،ڈاکووں،لیٹروں،مافیاز کی بجائے جماعت اسلامی کو دیں گے۔ اور اب یہ شعور عام ہو رہا ہے۔ عمران خان کئی بار اعتراف کر چکے ہیں کہ ان کی حکومتوں نے ڈلیور نہیں کیا، ان کو بھی احساس ہے کہ ان کی دونوں صوبائی حکومتیں اب پاکستان کے دونوں صوبوں کے عوام پر ایک بوجھ ہیں، اگر وہ یہ بوجھ اتارنا چاہتے ہیں تو ست بسم اللہ۔
امیر جماعت نے کہا کہ الیکشن سے پہلے الیکشن ریفامز ہونی چاہیے۔پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی یہی چاہتے ہیں کہ یہ چل چلاو کا الیکشن ہو، مافیاز کا پیسہ ہو،نوٹ کو استعمال کرکہ انہیں خریدیں اور لوگوں کو ایک بار پھر دھوکا دیں۔ انہوں نے کہا پاکستان اپنی حقیقی آزادی سے بہت فاصلے پر ہے، 99 فیصد عوام ملک میں قرآن و سنت کے نفاذ چاہتے ہیں اور خواہش رکھتے ہیں کہ عدالتوں،سیاست،معیشت،تعلیمی نظام اسلامی نظام کے تابع ہو لیکن 75 سالوں سے پاکستان میں عالمی استعمار کے ایجنٹ حکمران قوم کی گردنوں پر مسلط ہیں اور وہ اغیار کے نظام کے محافظ بنے بیٹھے ہیں، پاکستان کی معاشی،سیاسی،انتظامی تباہی کی ذمہ دار پی ڈی ایم،پی ٹی آئی،پیپلز پارٹی جیسی پارٹیاں ہیں۔ ان پارٹیوں کی قیادت جن کو دین تو ایک طرف دنیا چلانے کی صلاحیت بھی ان کے اندر موجود نہیں ہے، آج ہماری تباہی کسی دشمن کے حملے کی وجہ سے نہیں بلکہ ہمارے حکمرانوں کی استعماری ایجنڈے کی تابعدار ی کے مرہوں منت ہے۔
پاکستان کا نوجوان،کسان،مزدور سمیت ہر طبقہ پریشانی کے عالم میں ہے۔سراج الحق نے کہا دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں، اسلام کے دشمن چاہتے ہیں کہ پاکستان کے نوجوانوں،مدارس،تعلیمی اداروں میں پڑھنے والوں کو راہ حق سے دور کر دیا جائے لیکن جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان نے عالم اسلام کے دشمنوں کے ناپاک عزائم کے آگے ایک سیسہ پلائی دیوار ہے۔جمعیت طلبہ عربیہ نے مدارس مساجد کو مسلک کی بجائے امت کی وحدت کے تصور کو اجاگر کرنے کا فریضہ سر انجام دے رہی ہے۔