اے پی ایس کے شہدا کی لازوال قربانیوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے،پرویز الہی


لاہور (صباح نیوز)وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ 16 دسمبر کا دن آرمی پبلک سکول کے شہدا کی عظیم قربانیوں کی یاد ہمیشہ تازہ کرتا رہے گا، اے پی ایس کے شہدا کی لازوال قربانیوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔

چودھری پرویز الہی کا آرمی پبلک سکول پشاور کے شہدا کی برسی پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ شہدائے اے پی ایس نے پاکستانی قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کیا، قوم آرمی پبلک سکول کے بچوں اوراساتذہ کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی، بچو ں نے اپنے قیمتی لہو سے محفوظ اورپرامن پاکستان کی بنیاد رکھی۔

وزیراعلی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ محفوظ اور پر امن پاکستان کی بنیادوں میں بچوں کا خون شامل ہے، ننھے پھولوں نے عظیم مقصد کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، شہید بچوں کی عظیم قربانیوں نے قوم کو نیا حوصلہ اورعزم دیا، شہید بچے اور اساتذہ پوری قوم کے ہیرو ہیں۔