پی ٹی آئی کا حکومتی ارکان کی بریت کے تمام فیصلے سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان


لاہور(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف نے حکومتی ارکان کی بریت کے تمام فیصلے سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سلیمان شہباز کے اکائونٹ سے 16 ارب روپے نکلے، ان کو کرپشن کی بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے ۔

لاہور میں سابق وفاقی وزیر حماد اظہر اور مشیر برائے احتساب برگیڈیئر (ر) مصدق ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ جب سے امپورٹڈ حکومت آئی ملک کی تباہی ہو رہی ہے، ان کی کوشش ہے اپنے کیسز ختم کروائے جائیں، جو بھگوڑے تھے ان کو بھی واپس لایا جا رہا ہے، سلیمان شہباز کے اکانٹ سے 16 ارب روپے نکلا، سلیمان شہباز کو کرپشن کی بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔

سابق وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ رمضان شوگر مل کے ملازمین کے اکائونٹس میں مختلف ٹھیکیداروں اور سیاسی لوگوں کی رشوت نظر آ رہی تھی، یہ بڑے بڑے پراجیکٹس میں پیسے بناتے تھے، یہاں سے ہنڈی کے ذریعے پیسے جاتے تھے، آپ کا بھی حساب ہوگا اور معاف نہیں کیا جائے گا، سلیمان شہباز نے جس طرح کی زبان استعمال کی مجھے بڑا افسوس ہوا۔

حماد اظہرنے کہا کہ چوری کو کہا گیا کہ یہ چوری ہی نہیں رہی، یہ شخص جو عمران خان کے اوپر جس طرح کے جملے کس رہا ہے، یہ حکومتی ایوانوں میں کک بیکس اسپیشلسٹ مشہور ہے، تمہاری کیا اوقات جو تم عمران خان سے مخاطب ہو، سکول میں جاتے بچے کو بھی ان دونوں خاندانوں کی اصلیت کے بارے میں پتہ ہے۔

پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کا مزید کہنا تھا کہ اگر یہ اتنے ہی صادق اور امین ہیں تو کروائیں الیکشن، الیکشن کا نام لو تو ان کی کانپیں ٹانگ جاتی ہیں، ایک سائیکل چوری کرنے والے کو پولیس الٹا لٹکا دیتی ہے، حکومت کے ایوانوں میں کک بیکس اسپیشلسٹ کے نام سے مشہور شخص کو ہار پہنائے جاتے ہیں، تمہیں تو فیٹف میں جا کر لیکچر دینا چاہیے کہ منی لانڈرنگ ہوتی کیسے ہے۔