وزیراعظم شہباز شریف اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ،صحت عامہ اور سماجی شعبے کے پروگراموں پر تبادلہ خیال


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فانڈیشن کے شریک چیئرمین مسٹر بل گیٹس کے درمیان  ٹیلی فونک رابطہ ہوا،جس میں صحت عامہ اور سماجی شعبے کے پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فانڈیشن (BMGF) کے شریک چیئرمین مسٹر بل گیٹس کے درمیان  ٹیلی فونک رابطہ ہوا ۔ انہوں نے پاکستان میں BMGF کے تعاون سے جاری صحت عامہ اور سماجی شعبے کے پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے ملک میں پولیو کے خاتمے اور حفاظتی ٹیکوں، غذائیت اور مالیاتی شمولیت کو بہتر بنانے میں بی ایم جی ایف کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی قابل قدر مدد کو سراہا۔ انہوں نے تعاون کے تمام جاری شعبوں میں فائونڈیشن کے ساتھ نتیجہ خیز شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کی پاکستان کی خواہش کا بھی اعادہ کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ان کی حکومت ملک میں پولیو کی تمام اقسام کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ 2022 میں پاکستان میں پولیو کیس کے نئے کیسز رپورٹ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ستمبر 2022 سے پولیو کیسز میں وقفہ آیا ہے۔ حالیہ سیلاب جس نے بڑے پیمانے پر نقل مکانی اور صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے کی تباہی کی وجہ سے پولیو کے قطرے پلانے کی جاری کوششوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

وزیر اعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت خصوصی ایمرجنسی رسپانس پلان کو فعال طور پر نافذ کر رہی ہے۔ مسٹر گیٹس نے پاکستان میں حالیہ سیلاب میں جانوں کے ضیاع پر گہرا افسوس کرتے ہوئے  پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششوں کا بھی اعتراف کیا اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے لیے اپنی فائونڈیشن کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا کہ پولیو وائرس کی وجہ سے کسی بچے کو فالج کا خطرہ نہیں ہے۔ بی ایم جی ایف کے تعاون سے مختلف دیگر حکومتی زیرقیادت پروگراموں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جن کا مقصد غذائی قلت اور سٹنٹنگ (stunting) سے نمٹنے، حفاظتی ٹیکوں کی ضروری خدمات، مائیکرو پیمنٹ گیٹ وے RAAST، اور قومی بچت کے پروگرام کو ڈیجیٹائز کرنا ہے۔ وزیراعظم اور مسٹر گیٹس نے مشترکہ مقاصد اور باہمی تعاون کے شعبوں پر مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔