صدر  عارف علوی کا ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کادورہ،جاری مختلف منصوبوں کا مشاہدہ کیا


راولپنڈی(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کادورہ، ایچ آئی ٹی کی استعدادکار،پیداواری صلاحیت اور ریسرچ کے منصوبوں پر بریفنگ، صدر مملکت نے فوجی گاڑیوں، ٹینک اور آرٹلری گنز سمیت بلٹ پروفنگ کے منصوبوں کی تعریف کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کا دورہ کیا، جہاں صدر مملکت کو ایچ آئی ٹی کی استعداد کار، پیداواری صلاحیتوں، سمیت ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کے منصوبوں اور بہتری کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ صدر مملکت نے مختلف فیکٹریوں کا دورہ بھی کیا اور جاری منصوبوں کا مشاہدہ کیا۔ صدر نے جاری منصوبوں بشمول بلٹ پروفنگ اور فوجی گاڑیوں کی آئی ای ڈیز سے تحفظ سمیت ٹینک اور آرٹلری گن کے بیرل اور سسٹمز کی تیاری میں خصوصی دلچسپی لی۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے فوجی گاڑیوں اور ان کے نظام کیلئے مقامی سطح پر جدید ٹیکنالوجی کے حصول میں خود انحصاری کی کوششوں کو سراہا۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ایچ آئی ٹی کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ایچ آئی ٹی کو جدید دفاعی پیداوار کا ادارہ بنانے کے عزم کو سراہا تاکہ بین الاقوامی معیار کے مطابق مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ قبل ازیں آمد پر ایچ آئی ٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا نے صدر مملکت کا استقبال کیا۔