لاہور(صباح نیوز)آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد نے لاہور کی احتساب عدالت میں بریت کی درخواست دائر کر دی۔
احتساب عدالت نمبر 6 کی جج عظمی اختر چغتائی نے کیس کی بریت کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے نیب کو 4 جنوری کے لیے نوٹس جاری کر دیا اور اس سے جواب مانگ لیا۔دورانِ سماعت فواد حسن فواد کی اہلیہ رباب کی جانب سے پلیڈر انوار حسین ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ یہ جھوٹا کیس ہے، اس کا میرٹ پر جلد فیصلہ چاہتے ہیں۔
درخواست میں فواد حسن فواد نے موقف اپنایا ہے کہ میں نیب ترمیمی آرڈیننس 2022 سے فائدہ نہیں اٹھانا چاہتا۔
فواد حسن فواد نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں میرٹ پر بری کیا جائے۔
واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب)نے فواد حسن فواد اور ان کے اہلِ خانہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس دائر کر رکھا ہے۔