ملک کے ڈیفالٹ کی خواہش عمران خان کے ساتھ قبر میں جائے گی، اسحاق ڈار

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ایک کمپین کے طورپر پیش کیا جارہا ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ کرے گا۔ کوئی ایسی وجہ نہیں کہ پاکستان ڈیفالٹ کرے گا۔ملک سے ڈالر  اور گندم  اسمگل ہورہی ہے، ان پر کریک ڈاؤن ہوگا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ڈیفالٹ کی باتیں کرکے پاکستان کی ریٹنگ کو دنیا میں خراب کیا جا رہا ہے، پہلے ملک کا خیال کرنا چاہیے، چیلنجزموجود، منیج کررہے ہیں۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈارنے کہا کہ عمران نیازی نے ملک کواس نہج پر پہنچایا، اپنے ملک کوبدنام کررہے ہیں، اللہ نہ کرے پاکستان کبھی ڈیفالٹ کرے، پاکستان کیڈیفالٹ کی جھوٹی خبریں پھیلائی جارہی ہیں۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ گزشتہ حکومت جاتے ہوئے بارودی سرنگیں بچھا گئی، عمران خان نے پاکستان کو بطورقوم کرپٹ ثابت کرنے کی کوشش کی، پی ٹی آئی دورمیں مہنگائی عروج پرپہنچی اور روپے کی قدرکم ہوئی۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ گزشتہ چارسالوں میں پاکستان پربہت بڑا ظلم ہوا، پی ٹی آئی دورمیں ملکی معیشت کوتباہ کیا گیا، ہم نے سیاست کے بجائے ریاست کوترجیح دی، سیلاب کی قدرتی آفت آگئی محدود وسائل کے باوجود متاثرین کو ریلیف دیا۔ اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ ہرہفتے کابینہ کی میٹنگ ہوتی ہے، وزیراعظم کابینہ میں مشاورت کے ساتھ فیصلے ہوتے ہیں، وزیراعظم آج ہم تحریک انصاف کی کارکردگی کی وجہ سے یہاں کھڑے ہیں۔

انھوں نے کہاکہ  ن لیگ کی حکومت جب ختم ہوئی تو مہنگائی 4.5فیصد پر تھی ، تحریک انصاف کو 25 ہزار ارب کا مجموعی قرضہ ملا تھا، انہوں نے قرض میں ساڑھے 19 ہزار ارب کا اضافہ کیا، 25 ہزار ارب کا قرضہ یہ 44 ہزار ارب پر لے گئے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ  ہمارے ملک سے ڈالر اسمگل ہو رہا ہے، گندم بھی اسمگل ہورہی ہے،جو ڈالر اور گندم اسمگل ہو رہی ان پر کریک ڈائون ہوگا۔