اسلام آباد(صباح نیوز) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل او آئی سی کی اولین ترجیح اور ہمارا فرض ہے دوست ممالک کے ساتھ ملکر کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا چاہتے ہیں ۔
او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین طحہ ابراہیم نے اپنے وفد کے ہمراہ کشمیر ہاوس میں وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان سے ملاقات کی ۔اس موقع پر وزیر اعلی گلگت بلتستان ڈاکٹر خالد خورشید ، وزیر خزانہ و انلینڈ ریونیو عبدالماجد خان ،ایمبیسڈر یوسف الزوبی،سعودی عرب ،ایمبیسڈر عسکر موزینوف ،ایمبسڈر احمد سریر ،،مالدیپ ،او آئی سی میں پاکستان کے مستقل مندوب ایمبیسڈر رضوان سعید شیخ ،منصور دیئوپ ،سینیگال ،وقاص لطیف ،محمد عاطف ،علیو حما حمانی ،پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی ،سیکرٹری کشمیر کاز ،آرٹس اینڈ لینگویجز خواجہ اعجاز حسین لون ،پی ایس او کاشف نیاز ،معاون ناظم خواجہ عمران الحق بھی موجود تھے۔
اس موقع پر او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین طحہ ابراہیم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان چینل آف ڈسکشن اوپن کرنا چاہتے ہیں تاکہ اس مسئلے کا ڈپلومیسی کے ذریعے حل نکالا جا سکے ،اسلامی دنیا تک کشمیریوں کی آواز پہنچائیں گے اور انٹرنیشنل کمیونٹی کو بھی اس حوالہ سے آن بورڈ لیں گے ،کشمیر او آئی سی کا حصہ ہے ہماری زمہ داری ہے کہ مسئلہ کشمیر کا پرامن اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل نکالیں ۔انہوں نے کہا کہ میں نے ایل او سی کا بھی دورہ کیا وہاں ہندوستانی فوج کی جارحیت کے متاثرین سے بھی ملاقات کی تاکہ حالات کا جائزہ لیکر اس مسئلے کے حل کی جانب قدم اٹھایا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے دنیا کو مزید بتانے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کا نمائندہ ہونے کی حیثیت سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا اور اسکو حل کرنا ہماری زمہ داری ہے دوست ممالک کے ساتھ ملکر اس مسئلے کا حل نکالیں گے تاکہ خطے میں امن و امان قائم ہو سکے ۔اس سے پہلے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل اور ان کے وفد کو کشمیر کے حوالے سے ایک ڈاکومینٹری بھی دکھائی گئی جن میں بھارتی فوج کے مظالم کا ذکر تھا ۔وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ اور ان کے وفد کو کشمیری شال ،اور کشمیری ہینڈی کرافٹس کے تحفے بھی دئیے ۔او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے مہمان نوازی پر وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کا شکریہ ادا کیا