اسلام آباد(صباح نیوز)سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو 2019 میں توسیع دینے کے فیصلے کو غلط قرار دے دیا۔
اسد قیصر نے سابق آرمی چیف کی ریٹائرمنٹ کے ایک ہفتے بعد ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ پی ٹی آئی سابق آرمی چیف جنرل (ریٹائرڈ) قمر جاوید باجوہ کو توسیع دینے پر پشیمان ہے۔سابق اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کا قمر جاوید باجوہ کو توسیع دینے کا فیصلہ غلط تھا، یہ چیزیں کسی شخصیت کے لیے نہیں ہوتیں۔اسد قیصر کا مزید کہنا تھا کہ جنرل (ر) قمر جاوید باوجوہ کو توسیع دینے پر سب پشیمان ہیں کہ ہم نے غلطی کی ہے۔
ان سے سوال پوچھا گیا کہ توسیع کا فیصلہ کیوں کیا؟ جس کے جواب میں پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کیوں اور کیسے کیا لیکن جیسے بھی کیا غلطی کی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جنرل(ر) قمر جاوید باجوہ کو توسیع دینے کا فیصلہ صرف پی ٹی آئی کا نہیں تھا، توسیع دینے کا فیصلہ تمام جماعتوں کا تھا۔
عمران خان کی جانب سے حکومت کو مشروط مذاکرات کی پیش کش کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں، ہم یہ نہیں کہتے کہ پہلے انتخابات کی تاریخ دیں، مذاکرات میں انتخابات ایجنڈے میں شامل ہونا چاہئے۔فیصل واوڈا کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ فیصل واوڈا کو صرف عمران خان کی کرسی پر نہیں بٹھایا، باقی سب کچھ دیا۔ان کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا نے بڑا ظلم کیا ہے۔