نوازشریف ،شجاعت حسین ،سپیکر ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی ،چیئرمین وڈپٹی چیئرمین سینٹ و دیگر کا (ن) لیگی سینئر رہنما نجمہ حمید کی وفات پر اظہار تعزیت

اسلام آباد(صباح نیوز)سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نوازشریف ، ق لیگ کے صدرشجاعت حسین ،سپیکر ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی ،چیئرمین وڈپٹی چیرمین سینٹ و دیگر رہنماؤں نے مسلم لیگ (ن ) کی سینئر رہنما نجمہ حمید کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور بیگم نجمہ حمید کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ بیگم نجمہ حمید کے انتقال سے ملک ایک بااصول، ذہین اور بہادر سیاسی رہنما سے محروم ہو گیا ہے،مسلم لیگ(ن) کے قائد محمد نواز شریف نے پارٹی کی سینئر رہنما نجمہ حمید کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ نجمہ آپا ہم میں نہیں رہیں،

اپنے تعزیتی بیان میں نوازشریف نے کہاکہ نجمہ حمید کی وفات سے ہمیشہ ساتھ نبھانے والی مخلص بہن سے محروم ہوگیا، ان کی کمی پوری نہیں ہوسکتی۔نجمہ حمید شفیق، غم گسار بہن، راست گو اور پختہ نظریات پر کاربند رہنما تھیں۔ وہ اخلاص اور سیاسی تدبرکا پیکر، پارٹی کی پہچان اور اثاثہ تھیں۔نوازشریف نے کہاکہ  کسی طوفان میں نجمہ حمید کبھی نہ گھبرائیں، ہمیشہ سیاسی نظریات، پارٹی سے وفا نبھائی، بیگم کلثوم جب سیاسی جدوجہد کر رہی تھیں تو نجمہ حمید سیسہ پلائی دیوار بن گئی تھیں،بیگم کلثوم صاحبہ اور نجمہ آپا بہنوں کی طرح تھیں، پاکستان،نظریہ پاکستان، جمہوریت ان کی سوچ اور روح میں سموئے ہوئے تھے۔ملک وقوم، پارٹی اور جمہوریت کے لیے ان کی خدمات کو سلام پیش کرتا ہوں۔بہن طاہرہ اورنگزیب اور بیٹی مریم اورنگزیب سے دلی ہمدردی اور افسوس کرتا ہوں۔

پاکستا ن مسلم لیگ(ق)  کے صدرچوہدری شجاعت حسین نے نجمہ حمید کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے انتقال سے ملک ذہین و بہادر سیاسی رہنما سے محروم ہوگیا۔نجمہ حمید نے ہمیشہ اصولوں پر مبنی سیاست کی ان کی سیاست کا وقت زیادہ ترہمارے ساتھ گزارا ہے،ن لیگ کے  سینیٹر عرفان صدیقی نے بھی پارٹی کی سینئر راہنما سابق سینیٹر بیگم نجمہ حمید کی وفات پر اظہار تعزیت کیا ہے ،سینیٹر عرفان صدیقی نے بیگم نجمہ حمید کے گھر جاکر مرحومہ کی بہن طاہرہ اورنگزیب اور بھانجی مریم اورنگزیب سے اظہار افسوس کیا ،انہوں نے کہاکہ بیگم نجمہ حمید ایک دبنگ، ذہین اور نظریاتی سیاسی راہنما تھیں بیگم کلثوم نواز کی تاریخی سیاسی جدوجہد میں بیگم نجمہ حمید ہروال دستے میں شامل تھیں نجمہ حمید کا شمار پاکستانی سیاست میں شامل ممتاز ترین خواتین راہنماؤں میں ہوتا ہیانہوں نے دعاء کی کہ  اللہ تعالی مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سابق سینیٹر نجمہ حمید کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ نجمہ حمید کے انتقال کی خبر سن کر دلی دکھ ہو۔سینیٹ سیکرٹریٹ میڈیاڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری بیان میں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ مرحومہ کی سیاست کے میدان میں خدمات ناقابل فراموش ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں سابق سینیٹر نجمہ حمید کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومہ کی مغفرت اور درجات بلند کرے اور غمز دہ خاندان کو یہ صدمہ حوصلے اور صبر سے برداشت کرنے کی توفیق عطا کرے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی،قائد ایوان سینیٹ سینیٹر اسحاق ڈار، قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی سابق سینیٹر نجمہ حمید کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے الگ الگ تعزیتی پیغامات میں مرحومہ کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے دعا کہ اللہ تعالی مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا کرے۔

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے سینئر سیاسی رہنما بیگم نجمہ حمید کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔ہفتہ کو قومی اسمبلی میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان میں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے بیگم نجمہ حمید کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیگم نجمہ حمید کے انتقال سے ملک ایک بااصول، ذہین اور بہادر سیاسی رہنما سے محروم ہو گیا ہے،انہوں نے ہمیشہ اصولوں پر مبنی سیاست کی اور ہر مشکل وقت میں قیادت کے ساتھ ہم قدم رہیں۔ سپیکر و ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ مرحومہ کی سیاسی و سماجی خدمات کو تا دیر یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومہ کو اپنی جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین باالخصوص ان کی بہن طاہرہ اورنگزیب اور بھانجی وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے حوصلہ اور ہمت عطا فرمائے ۔۔