مزاکرات ہمیشہ سے سیاسی جمہوری عمل کا حصہ ہیں، پیچیدہ مسائل کا واحد حل بات چیت ہی ہے، خواجہ محمد سعد رفیق

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے ریلوے وہوابازی خواجہ محمد سعد رفیق نے کہا ہے کہ مزاکرات ہمیشہ سے سیاسی جمہوری عمل کا حصہ ہیں، پیچیدہ مسائل کا واحد حل بات چیت ہی ہے، مگرچئیرمین پی ٹی آ ئی اچھی طرح سوچ لیں کیا وہ غداروں اور چوروں سے مذاکرات کرنے کو تیارہیں ؟یا اپنے مقصد کے حصول کیلئے انکا کوئی اصول نہیں ؟پی ڈی ایم نے مذاکرات فیصلہ کیا تو مطالبات دوطرفہ ہوں گے۔

ان خیالات کااظہار خواجہ سعد رفیق نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے انتخابات کی تاریخ پر حکومت سے مشروط بات چیت کے اعلان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اسمبلیاں قانون سازی کیلئے بنتی ہیں توڑنے کیلئے نہیں، تمام اسمبلیوں کو مدت پوری کرنی چاہیئے۔ اسملبلیوں کی تحلیل کے عمل کی حمایت نہیں کرتے۔

عمران یہ بھی سوچ لیں کیاوہ قومی اور2 صوبائی اسمبلیوں کی موجودگی میں دو صوبائی اسمبلیاں توڑ کر صوبائی انتخابات کیلئے تیارہیں ؟خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ یہ خوش فہمی نکال دیں کہ ہم انتخابات سے بھاگیں گے یا رکاوٹیں کھڑی کرینگے !اب عمران کا جھوٹابیانیہ باقی ہے نہ نام نہاد دیانت کا افسانہ اور نہ ہی پہلے سے سہولت کار ، الیکشن ہوا تو خم ٹھونک کر مقابلہ کیا جائیگا۔