کراچی(صباح نیوز)جمعیت علمائے اسلام ف (جے یو آئی) اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ مونس الہی کی سیاست اور فیصلے کن کے اشاروں پر بدلتے ہیں۔چودہری شجاعت حسین نے حالات کے مطابق جراتمندانہ فیصلہ کیا،معیشت کی بہتری کے لیے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہو گا۔
کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مونس الہی کی صف میں یہ کمزوریاں ہیں کہ ان کی سیاست اور فیصلے کن کے اشاروں پر بدلتے ہیں، مونس الہی سے متعلق سوال ان سے ہی پوچھا جائے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت حسین نے ضمیر کے مطابق فیصلہ کیا، ان کے پورے خاندان کو ان کی تقلید کرنی چاہیئے۔
سربراہ جے یو آئی نے مزید کہا کہ پاکستان گرے لسٹ سے نکل آیا ہے، اب مزید آگے بڑھنا ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا لیکن ہم نے مشکل فیصلے کیے تاہم پاکستان کو معاشی لحاظ سے مضبوط کرنے کے لیے ہر شہری کو کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری معیشت کی بہتری کے لیے تعاون کرے۔ کن کے حکم اور اشاروں پر فیصلے اورسیاست بدلتی ہے۔