کابل / اسلام آباد(صباح نیوز)افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاکستانی سفارتی حکام پر فائرنگ کی گئی ہے۔ فائرنگ اس وقت ہوئی جب پاکستانی ناظم الامور چہل قدمی کر رہے تھے۔
اس حوالے سے میڈیا رپورٹس کی جانب سے بتایا گیا کہ پاکستانی ناظم الامور کے گارڈ کو 3 گولیاں لگیں، پاکستانی ناظم الامور عبید نظامانی فائرنگ کے واقعے میں محفوظ رہے جبکہ ان سفارتی عملے کو حکومت پاکستان کی جانب سے وقتی طور پر واپس وطن بلا لیا گیا ہے۔سفارتی ذرائع کے مطابق طالبان کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق گولیاں قریبی عمارت سے چلائی گئیں۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کابل میں پاکستانی ہیڈ آف مشن پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بہادر سیکیورٹی گارڈ کو سلام ہے جس نے اپنی جان پر کھیل کر انکی جان بچانے کے لیے گولی کھائی۔ انہوں نے گھنائونے فعل کی فوری تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی گارڈ کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔