خواتین کا معاشرہ میں اہم کردار ہے،سمن قدوسی


راولپنڈی (صباح نیوز)جناح انسٹیٹیوٹ کی ڈپٹی چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر سمن قدوسی نے کہا ہے کہ خواتین کا معاشرہ میں اہم کردار ہے اگر ایک مرد کو تعلیم دی جائے تو ایک فرد تعلیم یافتہ ہوتا ہے جبکہ ایک خاتون کو تعلیم دینے سے پورا خاندان اور معاشرہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو جاتا ہے۔

یہ بات انہوں نے جناح انسٹیٹیوٹ میں نئی آنے والی طالبات کے اعزاز میں دی جانے والی ویلکم پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹر سمن قدوسی نے کہا کہ ملک و قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتے۔ جب تک ملک کی آدھی سے زیادہ آبادی ترقی یافتہ نہ ہو جس قوم کی بیٹیوں نے تعلیم حاصل کی وہی قومیں ترقی کے آسمان پر مہتاب بن کر چمکتی ہیں۔

کالج کے پرنسپل مسعود سلطان چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ تعلیمی درسگاہ آپ کے مستقبل کی بنیاد ہے۔ آپ اپنی محنت اور قابلیت سے اس کی عزت اور وقار میں اضافہ کریں گی اور اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ آپ آنے والی طالبات کے لئے قابل رشک بن سکیں۔ جناح انسٹیٹیوٹ تعلیم کے ساتھ ساتھ آپ کی کردار سازی اور شخصیت سازی پر بھی توجہ دیتا ہے۔ آپ نے اپنے روشن مستقبل کے لئے جس ادارے کا انتخاب کیا ہے۔ وہ راولپنڈی کا مثالی تعلیمی ادارہ ہے۔ آخر میں انہوں نے ویلکم پارٹی میں مختلف پروگرام، ٹیبلوز، ثقافتی شو پیش کرنے والی طالبات کی کارکردگی کو سراہا۔