ملک میں فری گوگل ایپلیکیشن سروسز برقراررہیں گی،سید امین الحق


اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام سید امین الحق نے گوگل اپیلی کیشن کی بندش سے متعلق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کوخط ارسال کردیا۔

امین الحق نے خط میں کہا کہ کچھ روز قبل ٹیلی کام آپریٹرز کی جانب سے وزارت آئی ٹی کو لکھے گئے خط میں اسٹیٹ بینک کی گوگل کو ادائیگی روکنے سے متعلق خدشات کا اظہار کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ معاملے کی سنگینی پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد وزارت خزانہ کو مراسلہ لکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ٹیلی کام انڈسٹری پہلے ہی مشکلات کا شکار ہے اس طرح کے فیصلے معاملات مزید خراب کرسکتے ہیں۔

وفاقی وزیر آئی ٹی کا مزید کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے ادائیگی روکنے سے پاکستان میں پیڈ گوگل ایپلی کیشن سروسز معطل ہوجائیں گی تاہم فری گوگل اپیلی کیشنز سروسز برقرار رہیں گی۔

امین الحق نے کہا کہ بین الاقوامی اداروں کو ادائیگی روکنے سے پاکستان کی ساکھ متاثر اور پیڈ ایپلی کیشنز استعمال کرنے والے افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔