تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے سخت قانون سازی کریں گے،پرویز الہی


لاہور (صباح نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ معاشرے کو منشیات کے ناسور سے پاک کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔ تعلیمی اداروں کو منشیات کی وبا سے بچانے کیلئے سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔ ہمیں نئی نسل کو منشیات کے اثرات سے ہر صورت محفوظ رکھنا ہے۔تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے سخت قانون سازی کا فیصلہ کیا ہے۔

ان خیالات کااظہار چوہدری پرویز الہیٰ نے ٹوئٹر پرجاری اپنے بیان میں کیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سکولوں،کالجوں اور یونیورسٹیوں میں منشیات کے استعمال، خرید و فروخت پر سخت سزائیں دی جائیں گی۔منشیات کے سدباب کیلئے خود مختار ادارہ قائم کیا جائے گا اور خصوصی عدالتیں قائم ہوں گی۔اینٹی نارکوٹکس پولیس سٹیشن بھی بنائے جائیں گے۔

چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی اوراستعمال پر ادارے کے مالکان اورملازمین بھی ذمہ دار ہوں گے۔نئی نسل کو ہر قیمت پر منشیات کے زہر سے بچائیں گے۔ تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی قطعی طورپر ناقابل برداشت ہے۔ تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔

دوسری جانب صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و نارکوٹکس سردار محمد آصف نکئی اور رکن قومی اسمبلی طالب نکئی نے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ سے ملاقات کی ۔صوبائی وزیر سردار محمد آصف نکئی نے محکمہ کی کارکردگی اور نارکوٹکس سبسٹنس ایکٹ 2022 پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔